Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / سن رائزرس حیدرآباد کی پنجاب کے خلاف کامیابی

سن رائزرس حیدرآباد کی پنجاب کے خلاف کامیابی

ہاشم آملہ کے تیز رفتار 96 رنز رائیگاں۔ یوراج سنگھ کی تیز رفتار اننگزکار آمد
موہالی 15 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کے ایک دلچسپ مقابلہ میں سن رائزرس حیدرآباد نے میزبان کنگس الیون پنجاب کے خلاف آخری اوور میں 7 وکٹس سے کامیابی حاصل کرلی ۔ پنجاب کی ٹیم اپنے 179 رنوں کا بھی دفاع نہیں کرسکی جو اس نے ہاشم آملہ کے تیز رفتار 96 رنوں کی بدولت بنائے تھے ۔ اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پنجاب نے اپنے مقررہ 20 اوورس میں چار وکٹس کے نقصان پر 179 رنز بنائے تھے ۔ اوپنر ہاشم آملہ نے روایتی فارم حاصل کرتے ہوئے بہترین بیٹنگ کی اور انہوں نے تیز رفتار 96 رن بنائے ۔ انہوں نے 56 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکے اور 14 چوکے لگائے ۔ آملہ نے وکٹ کے چاروں جانب خوبصورت شاٹس لگائے تاہم دوسرے بلے باز ان کا ساتھ نہیں نبھا سکے ۔ کپتان مرلی وجئے نے صرف چھ رن بنائے تھے ۔ انہیں مستفیض الرحمن کی گیند پر وارنر نے کیچ آوٹ کیا ۔ وردھی مان ساہا نے 23 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 27 رن بنائے تھے ۔ انہیں ہنرکس کی گیند پر ہوڈا نے کیچ لیا ۔ گرکیرت سنگھ بھی 20 گیندوں میں 27 رن ہی بناسکے ۔ انہوں نے چار چوکے لگائے تھے ۔ ڈیوڈ ملر 9 گیندوں میں ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 20 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے جبکہ گلین میکس ویل کوئی رن نہیں بناسکے ۔ ہاشم آملہ کو بھونیشور کمار کی گیند پر وارنر نے کیچ آوٹ کیا ۔ حیدرآباد کیلئے بھونیشور کمار نے دو مستفیض الرحمن نے ایک اور ہنرکس نے ایک وکٹ لی ۔ جواب میں حیدرآباد کی اننگز کا بہترین آغاز ہوا تھا ۔ وارنر اور دھون کی جوڑی نے پہلی وکٹ میں 68 رنز جوڑے ۔ شکھر دھون 25 رن بناکر رن آوٹ ہوئے ۔ دیپک ہوڈا نے 34 رن بنائے تھے تاہم آخر میں یوراج سنگھ نے 24 گیندوں میں 42 رن اور بی جے کٹنگ نے 11 گیندوں میں 18 رن بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی ۔ پنجاب کے بولرس حیدرآبادی بلے بازوں پر اثر انداز نہیں ہوسکے اور ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

TOPPOPULARRECENT