Friday , September 22 2017
Home / دنیا / سوات میں غیرت کے نام پر نوجوان ہلاک

سوات میں غیرت کے نام پر نوجوان ہلاک

خیبر ۔ 25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں حکام کے مطابق غیرت کے نام پر ایک شادی شدہ خاتون اور ایک نوجوان پر تشدد کے نتیجے میں نوجوان ہلاک جبکہ خاتون شدید زخمی ہوگئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ تحصیل بریکوٹ کے علاقے شموزئی میں پیش آیا جہاں ایک شادی شدہ خاتون کے والد اور چچا نے اسے اور ایک نوجوان کو درخت سے باندھ کر پتھروں اور ڈنڈوں سے مارا۔ پولیس کے مطابق اس تشدد کے نتیجے میں وہ نوجوان ہلاک ہوگیا جبکہ خاتون کو شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔ پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ صدیق اکبر نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث خاتون کے والد اور چچا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ صدیق اکبر کے مطابق ہاسپٹل میں خاتون کی حفاظت کے لیے سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کی حالت انتہائی تشویشناک ہونے کے باعث وہ بیان دینے کے قابل نہیں ہے۔ سوات میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم دی اویکننگ کے ڈائریکٹر عرفان حسین بابک نے بتایا کہ سوات میں گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 15 افراد غیرت کے نام پر قتل کیے گئے جس میں تین مرد بھی شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT