Wednesday , August 23 2017
Home / سیاسیات / سوامی کو راز کی دستاویزات کیسے مل گئیں: کانگریس

سوامی کو راز کی دستاویزات کیسے مل گئیں: کانگریس

نئی دہلی 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا میں اگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر مسئلہ پر بحث کے ایک روز بعد کانگریس رکن آنند شرما نے آج حکومت سے یہ جاننا چاہا کہ بی جے پی رکن سبرامنیم سوامی کو اِس معاملہ میں سی بی آئی اور ای ڈی کی حساس اور راز کی فائیلوں تک رسائی کس طرح حاصل ہوگئی۔ پوائنٹ آف آرڈر کے ذریعہ یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے شرما نے کہاکہ گزشتہ روز مباحث کے دوران سی بی آئی اور ای ڈی کی حساس نوعیت کی دستاویزات کا حوالہ دیا گیا۔ ایوان کو یہ جاننا ضروری ہے کہ ’’معزز رکن یا کمتر معزز رکن‘‘ کو حساس نوعیت کی فائیلوں تک رسائی کیسے دی گئی، جس کے بارے میں اُنھوں نے ایوان کو بتانے سے انکار کیا ہے۔ نائب صدرنشین پی جے کورین نے کہاکہ اگر سوامی نے اُن کی اِس رولنگ کی تعمیل نہیں کی کہ وہ تمام دستاویزات جس کا اُنھوں نے حوالہ دیا ، اُن کی خود وہ تصدیق کریں اور ایوان میں پیش کریں تو قاعدہ کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ جب کانگریس ارکان احتجاج کرنے لگے تو وزیر مملکت پارلیمانی اُمور مختار عباس نقوی نے بیان دیا کہ سوامی نے اُن دستاویزات کی تصدیق کی جن کا اُنھوں نے حوالہ دیا اور اُنھیں ایوان میں پیش کیا ہے۔ نقوی نے کہاکہ سوامی نے اِس مسئلہ کا نوٹ لے کر ضروری اقدام کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT