Friday , August 18 2017
Home / سیاسیات / سونیا اور راہول کی نتیش سے ٹیلی فون پر بات چیت

سونیا اور راہول کی نتیش سے ٹیلی فون پر بات چیت

پٹنہ۔12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج ٹیلی فون پر چیف منسٹر نتیش کمار سے بات چیت کی اور ان سے گوپال کرشن گاندھی کی تائید پر اظہار تشکر کیا۔ اپوزیشن نے گوپال کرشن گاندھی کو نائب صدر کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار قرار دیا ہے۔ جے ڈی یو کے قائد کے سی تیاگی نے کہا کہ صدر جے ڈی یو نتیش کمار کو نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کا بھی کل شام ٹیلی فون کال وصول ہوا تھا۔ گوپال کرشن گاندھی کو 18 اپوزیشن پارٹیوں نے متفقہ طور پر نائب صدر کے عہدے کا امیدوار مقرر کیا ہے۔ انہوں نے بھی اظہار تشکر کیا۔ جے ڈی یو کے جنرل سکریٹری نے کہاکہ جے ڈی یو کے پارلیمانی قائد شرد یادو نے پارٹی کی نمائندگی اپوزیشن کے اجلاس میں کی تھی جس میں مغربی بنگال کے سابق گورنر کو اپوزیشن کا نائب صدر جمہوریہ کے عہدے کے لیے متفقہ طور پر امیدوار مقرر کیا گیا۔ راہول گاندھی نے حال ہی میں دخل اندازی کرتے ہوئے کانگریس اور جے ڈی یو کے درمیان لفظی تکرار کا خاتمہ کیا تھا۔ نتیش کمار نے این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کی تائید کرتے ہوئے اپوزیشن سے اپنے روابط منقطع کرلیئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT