Sunday , August 20 2017
Home / سیاسیات / سونیا گاندھی کے خلاف غلط مہم جوئی بی جے پی حکومت کو شیوسینا کا انتباہ

سونیا گاندھی کے خلاف غلط مہم جوئی بی جے پی حکومت کو شیوسینا کا انتباہ

ممبئی ۔ 9 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہیلی کاپٹر معاملت میں کانگریس سربراہ کو تنقید کانشانہ بنانے پر شیوسینا نے بی جے پی کو خبردار کیا ہے اور یہ یاد دہانی کروائی کہ پارٹی ایک سینئر لیڈر نے جنتا پارٹی کے دور حکومت میں فاش غلطی کی تھی۔ جنہوںنے اندرا گاندھی کے خلاف زبردست مہم چلائی تھی لیکن اس کے الٹے نتائج برآمد ہوئے اور اندرا گاندھی دوبارہ اقتدار میں واپس آ گئیں ۔ شیوسینا کے ترجمان سامنا کے اداریہ میں بتایا گیا کہ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ جنتا پارٹی کے دور حکومت میں اندرا گاندھی کے ساتھ کیا ہوا تھا؟ جنتا پارٹی کی غلط مہم جوئی کا نتیجہ تھا کہ اندرا گاندھی کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوگیا جبکہ عوام نے پارٹی کو حکمرانی کا اختیار دیا تھا لیکن پارٹی قائدین کا واحد مقصد یہ تھا کہ اندرا گاندھی کو مشکلات میںپھنسایا جائے۔ شیوسینا نے دریافت کیا کہ جنتا پارٹی کے دور اقتدار اور  آج کی صورتحال میں کیا فرق ہے ؟ آج بی جے پی کوعوامی مسائل حل کرنے کیلئے اقتدار میں لایا گیا اور اگستا ویسٹا لینڈ چاپر معاملت پر افراتفری کو ٹالا جاسکتا ہے اور اس معاملہ کی تحقیقات کی بجائے بعض لیڈروں کو عمداً نشانہ بنایا جارہا ہے جو کہ ہمیں اندرا گاندھی کی یاد دلائی ہے ۔ سامنا کے اداریہ میں بتایا گیا ہے کہ سابق وز یر دفاع اے کے انتونی نے یہ اعتراف کیا کہ اس معاملہ میں بے قاعدگیوں کا ارتکاب کیا گیا ہے اور اس وقت تحقیقات کا بھی حکم دے دیا گیا تھا۔ شیوسینا نے یہ استفسار کیا کہ بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد کسی بھی نتیجہ پر پہنچنے کیلئے کیا کیا ہے اور کہا کہ سونیا گاندھی اور ان کی پارٹی لیڈروں کے ساتھ کوئی مروت برتنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بشرطیکہ وہ اسکام میں ملوث ہوں لیکن کانگریس کے احیاء کیلئے ہم کیوں بالراست مدد کریں۔ درحقیقت ہمیں بہار کے انتخابات سے سبق سیکھنا چاہئے ۔ جہاں پر سرکردہ قائدین پارٹی کی انتخابی مہم چلانے کے باوجود نتیش کمار ، لالو پرساد یادو اور کانگریس نے بہترین مظاہرہ کیا ہے ۔ سامنا کے اداریہ میں مزیدکہا گیا کہ حکومت کا مقصد بظاہر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجنا  ہے لیکن بیروزگاری ، کرپشن ، بلیک منی جیسے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں جسے فی الفور حل کرنے کی ضرورت ہے۔

TOPPOPULARRECENT