Thursday , October 19 2017
Home / جرائم و حادثات / سونے کی اسمگلنگ کا بین الاقوامی ریاکٹ بے نقاب

سونے کی اسمگلنگ کا بین الاقوامی ریاکٹ بے نقاب

ہندوستانی کرنسی، سعودی ریال کے علاوہ بھاری مقدار میں سونے کے بسکٹ ضبط
حیدرآباد۔/4نومبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس نے سونے کی اسمگلنگ کے بین الاقوامی ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور 4 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے کثیر مقدار میں انڈین کرنسی اور سعودی ریال کے علاوہ بھاری مقدار میں سونے کے بسکٹ کو ضبط کرلیا۔ ایک خفیہ اطلاع پر ساؤتھ زون ٹاسک فورس نے یہ کارروائی انجام دی۔ اس خصوص میں کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندر ریڈی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ 4افراد ظفر احمد عرف زکی28سالہ ساکن اعظم پورہ چادر گھاٹ نزد صحیفہ مسجدجو کاروں کی فروخت کا بروکر ہے، سید واجد 25سال ساکن تیگل کنٹہ جو دیوان دیوڑھی میں ٹارپولین شاپ میں کام کرتا ہے، 40سالہ عارف علی شیخ ساکن کوٹلہ عالیجاہ اور 24سالہ طاہر الدین عرف آصف ساکن اولڈ ملک پیٹ جو شہران ہوٹل کے قریب برقعہ سنٹر میں کام کرتا ہے کو گرفتار کرلیا جبکہ 30سالہ فیروز خان ساکن حسن نگر مفرور بتایا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 4.19 کیلو کے فارن مارکڈ گولڈ بسکٹ 16لاکھ نقد انڈین کرنسی رقم اور 2500 سعودی ریال کے علاوہ 910 یو اے ای درہم کو ضبط کرلیا۔ یہ لوگ غیر قانونی طور پر بیرون ملک سے ان قیمتی اشیاء کو ملک منتقل کررہے تھے۔ ان افراد نے پولیس کی پوچھ تاچھ کے دوران بتایا کہ بین الاقوامی طیارہ کے ذریعہ دوبئی سے حیدرآباد منتقل کررہے تھے تاکہ زیادہ قیمتوں میں فروخت کیا جاسکے۔ فیروز جو دو بئی میں مقیم ہے اس ٹولی کا اصل سرغنہ بتایا گیا ہے جو سونا خرید کر بذریعہ طیارہ اسے روانہ کرتا تھا اور آصف نامی شخص رعایتی قیمت پر اس سونے کو فروخت کرتا تھا جو منصوبہ بند طریقہ سے جاری تھا۔ کمشنر پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ ضبط شدہ اشیاء کو متعلقہ ایجنسی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ یا پھر ڈائرکٹر ریونیو انٹلیجنس کے حوالے کردیا جائے گا۔ اس موقع پر سٹی پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT