Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / سونے کی دکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس کے دھاوے

سونے کی دکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس کے دھاوے

پرانی کرنسی سے کروڑوں روپئے کی خرید و فروخت کرنے والوں کی نشاندہی
حیدرآباد 3 دسمبر ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد کے مختلف سونے چاندی کے دوکانات پر انکم ٹیکس عہدیداروں نے دھاوے کیے ہیں ۔ بنجارہ ہلز کی ایک سونے کی دوکان سے منسوخ شدہ 100 کروڑ روپئے کی کرنسی بینک میں جمع کی گئی ہے ۔ دوسری سونے کی دوکانات کے سی سی کیمروں کے فوٹیج دیکھتے ہوئے خرید و فروخت کرنے والوں کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ 8 نومبر کو 500 اور 1000 روپئے کی نوٹوں کی تنسیخ کے بعد کالا دھن رکھنے والوں نے بھاری تعداد میں سونا خریدتے ہوئے اپنے کالا دھن کو تبدیل کردیا ہے ۔ راتوں رات کئی کیلو سونا فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ تمام پہلوؤں کا گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد انکم ٹیکس کے عہدیدار کارروائی کرنے میدان میں کود پڑے ہیں ۔ شہر کے بڑے اور چھوٹے تمام سونے چاندی کے دوکانات جس پر 8 تا 15 نومبر تک خصوصی نظر رکھی گئی تھی انکی خرید و فروخت کا جائزہ لینے کے بعد کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور تمام معلومات انفورسمنٹ ڈاکٹوریٹ کے حوالے کردئیے گئے ہیں ۔ بنجارہ ہلز کی ایک سونے کی دوکان پر 100 کروڑ روپئے کا سونا فروخت ہونے اور منسوخ شدہ نوٹوں سے اس کی قیمت ادا کرنے کی اطلاعات ملنے کے بعد اس سونے کی دوکان میں 8 تا 15 نومبر تک سونے کی جو خرید و فروخت ہوئی انکم ٹیکس کے عہدیداروں نے ریکارڈ چیک کئے ہیں کیوں کہ اس دوکان سے منسوخ شدہ 100 کروڑ روپئے کے نوٹ بینک میں جمع کئے گئے ہیں انکم ٹیکس عہدیداروں کو سی سی کیمرے کے فوٹیج میں 8 دن کے دوران صرف 50 تا 60 افراد سونے کی دوکان پہونچنے کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ تاہم ریکارڈ میں 5 ہزار سے زائد افراد سے لین دین کی معلومات درج کی گئی ہے ۔ انکم ٹیکس عہدیدار اس کو غلط اعداد و شمار قرار دیتے ہوئے اپنے ڈھنگ سے اس کی تحقیقات کررہے ہیں اور دوکان کے مالک سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔ سونے کی فروختگی سے متعلق تمام بلز و دیگر رپورٹس کا بھی جائزہ لے رہی ہے ۔ جس سے نوٹ بندی کے پہلے ہفتہ میں بڑے پیمانے پر سونا فروخت کرنے والوں میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے ۔ اس کے علاوہ پرانے شہر میں گذشتہ 3 دن سے کئی سونے کی دوکانات پر انکم ٹیکس کے عہدیدار دھاوا کرتے ہوئے خرید و فروخت کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ بڑی نوٹوں کی منسوخی کے بعد پرانے شہر میں سونے کی قیمت میں اچانک اضافہ کرتے ہوئے سونا فروخت کرنے والے دوکانات کے مالکین سے بھی پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ ان کے بھی سی سی کیمرے چیک کیے جارہے ہیں ۔ دوکانات میں کتنا سونا تھا کتنا فروخت کیا گیا ۔ 8 نومبر سے قبل کتنا فروخت کیا گیا اور 8 نومبر سے 15 نومبر تک کتنا سونا فروخت کیا گیا اس کا جائزہ لیا جارہا ہے اور بہت جلد شک کے دائرے میں شامل رہنے والے تمام سونے کے دوکانات کے مالکین کو نوٹس دینے کی تیاری کی جارہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT