Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / سوڈان میں پھنسے 300 ہندوستانیوں کی واپسی

سوڈان میں پھنسے 300 ہندوستانیوں کی واپسی

حیدرآباد۔15جولائی (سیاست نیوز)  جنوبی سوڈان میں جاری جنگی صورتحال میں پھنسے ہندستانیوں کو بحفاظت واپس لانے کیلئے شروع کردہ آپریشن ’’سنکٹ موچن ‘‘ کے ذریعہ 300ہندستانیوں کو بحفاظت واپس لا لیا گیا۔ ان ہندستانیوں میں 54کا تعلق ریاست تلنگانہ سے ہے جو دہلی پہنچ چکے ہیں۔ حکومت ہند کی جانب سے خصوصی طیارے کے ذریعہ سوڈان میں پھنسے شہریوں کی محفوظ واپسی کیلئے کئے گئے اس آپریشن کی راست نگرانی مسٹر وی کے سنگھ مملکتی وزیر خارجہ نے کی ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست سے تعلق رکھنے والے تمام شہریوں کو ممکنہ سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکومت تلنگانہ نے مسٹر ششانک گوئل ریسیڈنٹ کمشنر تلنگانہ بھون نئی دہلی کو ہدات دی ہے کہ وہ سوڈان سے واپس ہونے والے تلنگانہ شہریوں کے قیام و طعام کا مکمل انتظام کریں اور اس سلسلہ میں وزارت خارجہ کے عہدیداروں اور دیگر متعلقہ محکمہ جات سے رابطہ قائم کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ علاوہ ازیں حکومت تلنگانہ نے سوڈان سے جنگی حالات میں ملک واپس ہونے والے اپنے شہریوں کو ریاست پہنچنے تک کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے 54شہری جو جنوبی سوڈان کے جنگ سے متاثرہ خطہ میںپھنسے ہوئے تھے ان کی بحفاظت ملک واپسی کو یقینی بنانے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے مرکز کو متوجہ کرواییا گیا تھا۔ آپریشن سنکٹ موچن کے ذریعہ حکومت ہند نے دو طیارے استعمال کرتے ہوئے اب تک 300ہندستانی شہریوں کو منتقل کیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ حکومت کی جانب سے انجام دیا گیا یہ آپریشن کامیاب رہا جس میں C-17ملٹری ٹرانسپورٹ طیاروں کی خدمات حاصل کی گئی تھی جن کے ذریعہ ہندستانیوں کی واپسی عمل میں آئی۔

TOPPOPULARRECENT