Sunday , September 24 2017
Home / جرائم و حادثات / سٹی پولیس میں ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم متعارف

سٹی پولیس میں ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم متعارف

پولیس عہدیداروں کو عصری ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے ڈی جی پی کا مشورہ
حیدرآباد۔ 15 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس نے ٹیکنالوجی کے استعمال میں ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے دونوں شہروں میں ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم متعارف کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مسٹر انوراگ شرما نے دفتر کمشنر پولیس حیدرآباد بشیرباغ میں آج ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم کا آغاز کیا۔ انہوں نے اس موقع پر پولیس عہدیداروں کو اس ٹیکنالوجی کا بھرپور و موثر استعمال کرنے اور بروقت رابطہ قائم کرنے کا مشورہ دیا۔ اس سسٹم سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے بتایا کہ نیشنل انفرمیٹک سنٹر نئی دہلی کی مدد سے ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم کو حیدرآباد سٹی پولیس میں لایا گیا ہے اور اس سسٹم کے تحت 150 کمیونیکیشن پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں جس کے ذریعہ کمشنر پولیس تا فیلڈ پولیس آفیسر کانسٹبل بھی اس سسٹم کا استعمال کرسکتا ہے۔ اس سسٹم کے متعلق مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں شہروں کے تمام لا اینڈ آرڈر، ٹریفک پولیس اسٹیشنوں کے علاوہ متعلقہ ڈپٹی کمشنران، اسسٹنٹ کمشنران اور دیگر پولیس اعلیٰ عہدیداروں کو ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم کی یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس عہدیداروں کے درمیان بہتر رابطہ کے لئے مذکورہ سسٹم کا آغاز کیا گیا ہے اور بروقت کئی گروپس ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ رابطہ کرسکتے ہیں۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم کے ذریعہ  جائے حادثہ، مقام واردات اور دیگر موقعوں پر راست جائزہ لیا جاسکتا ہے اور متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں صورتِ حال پر اپنی نگرانی رکھ سکتے ہیں۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ نیشنل انفرمیٹک سسٹم کی جانب سے تیار کئے گئے ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم کے ذریعہ حیدرآباد سٹی پولیس کا کوئی بھی عہدیدار ہندوستان کے دیگر ریاستوں کے پولیس عہدیداروں سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کوآرڈینیشن مسٹر انجنی کمار نے بتایا کہ مذکورہ سسٹم حیدرآباد سٹی پولیس کیلئے مددگار ثابت ہوگا اور پولیس عہدیدار اہم تفصیلات سے ایک دوسرے کو واقف کرواسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT