Wednesday , October 18 2017
Home / ہندوستان / سپاہیوں کی نعشیںپلاسٹک چادر میں لپیٹنے پر برہمی

سپاہیوں کی نعشیںپلاسٹک چادر میں لپیٹنے پر برہمی

مقامی طو رپر دستیاب وسائل کا استعمال ‘ غلطی کا اعتراف
نئی دہلی ۔ 8 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) چین سرحد کے قریب علاقہ تاوانگ میں دو دن قبل انڈین فورس کے ایک ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک سات ہندوستانی فوجیوں کی نعشوں کو پلاسٹک کی چادروں میں لپیٹ کر کارڈ بورڈ سے باندھ جانے کی تصاویر آج منظر عام پر آنے کے بعد مختلف گوشوں سے سخت مذمت کی گئی جس کے نتیجہ میں فوج کو وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا ۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ نعشوں کو مقامی طور پر دستیاب وسائل میں لپیٹنا ایک چُوک اور مغالطہ ہے اور شہید سپاہیوں کو ہمیشہ ہی مکمل فوجی اعزازات دیئے جاتے ہیں ۔ سابق شمال فوجی کمانڈر لفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ایچ ایس پناگ نے نعشوں کی تصویر کے ساتھ یہ پیغام ٹوئیٹ کیا کہ ’’سات نوجوان سپاہی گذشتہ روز دھوپ کی روشنی میں اپنا مادر وطن ہندوستان کے لئے نکلے تھے اوریہ اس طرح اپنے گھر واپس ہوئے ہیں‘‘۔ فوج نے اس مسئلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ مہلوک سپاہیوں کی نعشوں کو مخصوص بیاگ ‘ لکڑی کے باکسوں اور تابوتوں میں لانے کو یقینی بنایا جائے گا ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شہید سپاہیوں کو ہمیشہ ہی مکمل فوجی اعزازات دیئے جاتے ہیں ۔ فوج نے بیان میں کہا کہ بہتر بیاگس اور تابوتوں کی عدم دستیابی کے سبب مقامی طور پر دستیاب وسائل میں نعشوں کو لپیٹا گیا تھا جو ایک ’غلطی اور چُوک ‘ ہے ۔

TOPPOPULARRECENT