Wednesday , August 23 2017
Home / ہندوستان / سپاہیوں کی ہلاکت پر حکومت کی خاموشی حب الوطنی کا مظاہرہ کرنے شیو سینا کا اصرار

سپاہیوں کی ہلاکت پر حکومت کی خاموشی حب الوطنی کا مظاہرہ کرنے شیو سینا کا اصرار

ممبئی۔/24نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی جارحیت اور ایک ہندوستانی سپاہی کی نعش کو مسخ ( بے حرمتی ) کرنے پر مرکز کے خلاف انگشت نمائی کرتے ہوئے شیوسینا نے آج کہا ہے کہ نریندر مودی حکومت جو کہ سرحد پار سرجیکل حملہ کا سہرا اپنے سر باندھ رہی ہے اپنی ناکامی کا بھی اعتراف کرنا چاہیئے اور سرحد پر ہلاکتوں کا سلسلہ ختم کردیا جائے۔ پارٹی کے ترجمان’ سامنا ‘کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے معاملہ میں حکومت نے ایک نیا ثبوت ( سروے ) حاصل کرلیا ہے جس کے ذریعہ عوام کو حب الوطن بنایا جائے گا لیکن وہ سرحد پر پاکستانی کارروائیوں پر بات کرنے کیلئے آمادہ نہیں ہے اور حکومت کب ہندوستانی سپاہیوں کی ہلاکتوں اور سر قلم کرنے کے واقعات کا انتقام لینے کیلئے حب الوطنی کا مظاہرہ کرے گی۔ شیوسینا نے کہا کہ سرجیکل حملوں کے بعد نہ صرف پاکستانی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں بلکہ سپاہیوں کی اموات میں دوگنا اضافہ ہوگیا ہے۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر کے سخت گیر پیام کے باوجود سرحد پر 3 سپاہی ہلاک کردیئے گئے۔ این ڈی اے کی حلیف جماعتوں نے کہا کہ اگر حکومت سرجیکل حملہ کا سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے تو اسے ناکامی کا بھی اقرار کرنا چاہیئے۔ اگر وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک فیصلہ ( نوٹوں کی منسوخی ) سے عوام سڑکوں پر نکل آسکتے ہیں تو انہیں پاکستان کو کچل دینے کیلئے ایک اسی طرح کا فیصلہ کرنا چاہیئے۔ واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول کے قریب منگل کے دن مشتبہ پاکستانی دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا جس میں 3ہندوستانی سپاہی ہلاک ہوگئے۔

TOPPOPULARRECENT