Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / سپریم کورٹ میں اوقافی اراضی کے اہم مقدمہ کی آج سماعت

سپریم کورٹ میں اوقافی اراضی کے اہم مقدمہ کی آج سماعت

حیدرآباد ۔ 4۔ اگست (سیاست  نیوز) سپریم کورٹ میں کل 5 اگست کو گٹلہ بیگم پیٹ سے متعلق اوقافی اراضی کے ایک اہم مقدمہ کی سماعت مقرر ہے۔ 90 ایکر اس اراضی کے تحفظ کیلئے وقف بورڈ نے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل آف انڈیا پرسورام اور دیگر ممتاز ماہرین قانون کی خدمات حاصل کی ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے آج وکلاء سے ربط قائم کرتے ہوئے انہیں تمام درکار مواد روانہ کیا ہے جس کی بنیاد پر کل سپریم کورٹ میں بحث کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ گٹلہ بیگم پیٹ اراضی سے متعلق ایک مقدمہ میں ہائیکورٹ کے ڈیویژن بنچ نے وقف بورڈ اور فریق ثانی دونوں کیلئے فیصلہ سنایا تھا۔ اس فیصلہ سے کسی بھی فریق کو اراضی پر ملکیت حاصل نہیں ہوئی جس پر فریق ثانی نے دوبارہ اپیل دائر کی جس میں ہائیکورٹ نے وقف بورڈ کے خلاف فیصلہ سنایا۔ وقف بورڈ کی جانب سے اس فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہائیکورٹ کے ایک اور فیصلہ کے خلاف وقف بورڈ کی اپیل سپریم کورٹ میں زیر دوران ہے جس کی سماعت کل مقرر ہے اور یہ معاملہ بھی گٹلہ بیگم پیٹ اور اوقافی اراضی کا ہے ۔ وقف بورڈ کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ دونوں مقدمات کو یکجا کرتے ہوئے ان کی سماعت کی جائے۔ وقف بورڈ کے وکلاء کل اس سلسلہ میں عدالت سے اپیل کریں گے۔ سپریم کورٹ کے وکلاء کی اعانت کیلئے حیدرآباد سے ایک سینئر وکیل کو نئی دہلی روانہ کیا گیا ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے بتایا کہ بیگم پیٹ کی مذکورہ اوقافی اراض کے حق میں تمام دستاویزات موجود ہیں اور انہیں امید ہے کہ سپریم کورٹ میں وقف بورڈ کو کامیابی حاصل ہو گی۔

TOPPOPULARRECENT