Wednesday , August 23 2017
Home / مذہبی صفحہ / سچائی پر قائم رہو

سچائی پر قائم رہو

سیدہ مریم صدیقہ

اسلامی اخلاق میں سب سے اہم ضروری اور سرفہرست خلق سچائی ہے ۔ سچائی یہ وہ پاکیزہ صفت ہے جو بہت سی اعلیٰ صفات کا مجموعہ ہے ۔ قرآن و حدیث میں سچ کی بڑی تاکید فرمائی گئی ہے۔ اگر انسان کے قول و عمل میں سچائی آجائے تو یہ بہت ہی بُرائیوں سے بچ سکتا ہے ۔ انسانی سیرت و کردار کی تعمیر میں سب سے اہم وصف صدق لہجہ ، سچائی اور راست گفتاری ہے ۔ جھوٹ بولنے سے ہر بُرائی کی ابتداء ہوتی ہے ، جھوٹ تمام گناہوں کی جڑ ہے ۔
جھوٹ مت بولو اس سے تمہارا وقار گھٹ جائیگا ۔ ایک شخص آپ صلی اﷲ علیہ و آلہٖ و سلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا یا رسول اﷲ میرا دل چاہتا ہے کہ میں جنت میں جاؤں مُجھے بتائیے میں کیا عمل کروں ۔ آپ ﷺ نے اُس شخص کو جواب دیا ہمیشہ سچ بولو کیونکہ جب آدمی سچا ہوتا ہے تو نیکی کرتا ہے اور جب نیکی کرتا ہے تو اُس کے دل میں ایمان کی روشنی پیدا ہوتی ہے جب اُسے ایمان نصیب ہوتا ہے تو وہ جنت میں داخل ہوتا ہے ، سچائی پر قائم رہو کیونکہ سچائی میں نجات ہے ۔ سچ ایسی دوا ہے جو چکھنے میں کڑوی لیکن تاثیر میںمیٹھی ہے ۔ آپ صلی اﷲ علیہ و آلہٖ و سلم نے فرمایا کہ جو یہ چاہے کہ اﷲ اور رسول اس سے محبت کریں تو اسے لازم ہے کہ جب بات کرے تو ہمیشہ سچ بولے ۔ ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے روایت ہے کہ آپ صلی اﷲ علیہ و آلہٖ و سلم کو جھوٹ سے زیادہ ناپسنداور کوئی بات نہیں تھی اور جب آپ کو کسی شخص کی اس کمزوری کا علم ہوتا تو آپ اس وقت تک اس سے کھچے کھچے رہتے تھے جب تک آپ کو معلوم نہ ہوجائے کہ اس شخص نے اس عادت سے توبہ کرلی ہے ۔ ہمیشہ سچ بولو کامیاب رہوگے۔ سچ ،جنت کی طرف لیجاتا ہے اور جھوٹ ،دوزخ کی طرف لیجاتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT