Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / سچن سے موازنہ نامناسب:کوہلی

سچن سے موازنہ نامناسب:کوہلی

بنگلور۔19مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے کلیدی کھلاڑی  ویراٹ کوہلی نے عظیم بیٹسمین سچن تنڈولکر سے موازنہ کو شرم ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سچن مختلف صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی  رہے جن کا موازنہ کسی سے نہیں کیا جاسکتا اور میں ذاتی طورپر ان سے متاثر ہوں۔ کوہلی نے انڈین پریمیئر لیگ میں پے درپے بہترین اننگز کے ذریعہ لیگ کے ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنزبنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے اور رائل چیلنجرز بنگلور کو بہترین مقام دلانے میں بنیادی کردار ادا کررہے ہیں۔ ونڈے کرکٹ میں ان کی شاندار کارکردگی پر ان کا موازنہ  سچن سے کیا جانے لگا ہے جبکہ اپنے صلاحیتوں کے باعث وہ ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے کپتان بن چکے ہیں۔ کوہلی نے کہاکہ دیانتداری کے ساتھ دیکھا جائے تو یہ شرم ناک ہے، یہ ان (ٹنڈولکر) کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا، ان کا موازنہ کسی کے ساتھ نہیں کیاجاسکتا۔آپ ایک ایسے کھلاڑی کی بات کررہے ہیں جو مختلف صلاحتیوں کے مالک ہیں۔ ہندوستان ٹسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میں نے اپنے کھیل کو سنوارا ہے جبکہ انھوں نے جو کچھ حاصل کیا وہ خداداد صلاحیتوں کے مرہون منت تھا اور میں ذاتی طور پر ان سے متاثر ہوں تاہم میں اپنا راستہ خود بنانا چاہوں گا۔کوہلی نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں لیگ کی تاریخ میں ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا، اس سے قبل یہ اعزاز کرس گیل اور مائیکل ہسی کے پاس تھا جنھوں نے ایک سیزن میں 733 رنز بنا ئے تھے۔کرس گیل نے 2012 میں رائل چیلنجرز بنگلور کے لئے جبکہ مائیکل ہسی نے 2013 کے سیزن میں چنائی سوپر کنگز کی جانب سے کھیلتے ہوئے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ کوہلی آئی پی ایل کے ایک سیزن میں سات سو رنز کا سنگ میل عبورکرنے والے پہلے ہندوستانی  ہیں جبکہ کولکتہ نائٹ رائیڈڑز کے رابن اتھاپا نے 2014 کے سیزن میں 660 رنز بنائے تھے۔ واضح رہے کوہلی آئی پی ایل میں 500 رنز بنانے والے پہلے کپتان بھی ہیں تاہم ٹنڈولکر نے آئی پی ایل کے مختلف سیزن میں دو مرتبہ 500 رنز بنائے تھے۔

TOPPOPULARRECENT