Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / سچن کے پاس ڈبل ، ٹریپل سنچری کا گُر نہ تھا : کپل

سچن کے پاس ڈبل ، ٹریپل سنچری کا گُر نہ تھا : کپل

دبئی ۔ 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق ہندوستانی کپتان کپل دیو کا کہنا ہیکہ مثالی کرکٹر سچن تنڈولکر کو ڈبل سنچریاں، ٹریپل سنچریاں اور شاید 400 اسکور کرنے کا گُر معلوم نہیں حالانکہ ان میں صلاحیت تھی کہ اس طرح کی بلندیوں تک پہنچیں مگر وہ شاید ممبئی اسکول کرکٹ کے احساسات میں کھو گئے۔ ’’مجھے غلط نہ سمجھئے لیکن میرے خیال میں سچن نے اپنے ٹیلنٹ کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ میں ہمیشہ سوچتا رہا کہ وہ اس سے کہیں زیادہ کارکردگی دکھا سکتے تھے جتنا انہوں نے مظاہرہ کیا‘‘ کپل دیوں کے حوالہ سے ’خلیج ٹائمز‘ نے یہ بات کہی۔ کپل نے کہا کہ سچن بامبے کرکٹ میں کھوئے رہے۔ انہوں نے خود کو جاندار انٹرنیشنل کرکٹ سے پوری طرح ہم آہنگ نہیں کیا۔ میرے خیال میں انہیں ویوین رچرڈز کے ساتھ زیادہ وقت گذارنا چاہئے تھا بجائے اس کے کہ بمبئی کے بعض لڑکوں کے ساتھ رہتے جو صرف صاف ستھری سادہ کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔ سچن کہیں زیادہ بہتر کرکٹر رہے لیکن کہیں نہ کہیں وہ بس یہی دھن میں رہتے تھے کہ کس طرح سنچری اسکور کریں۔ انہوں نے اس بارے میں زیادہ دلچسپی نہیں دکھائی کہ کس طرح اپنی سنچری کو ڈبل سنچری یا ٹریپل یا 400 والے اسکور تک تبدیل کیا جائے۔ 1983ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے ہندوستانی کپتان کپل نے جو عظیم آل راونڈر رہے، یہ بھی کہا کہ اگر انہیں موقع ملتا تو وہ تنڈولکر کو ویریندر سہواگ کی طرح کھیلنے کا مشورہ دیتے تھے۔ سچن کے پاس صلاحیت کی کمی نہ رہی۔ وہ تکنیکی اعتبار سے قابل ہیں لیکن میرا احساس ہیکہ وہ بس سنچری بنا کر مطمئن ہوجایا کرتے تھے۔ رچرڈز کے برخلاف سچن نے بے رحمانہ کرکٹ نہیں کھیلی۔ وہ ٹھیک ٹھیک شاٹس کھیلنے والے کرکٹر بنے رہے۔ اگر میں ان کے ساتھ زیادہ وقت گذارا ہوتا تو میں ان سے کہتا کہ میدان پر جائیں اور لطف اٹھائیں اور سہواگ کی طرح کھیلیں ۔

TOPPOPULARRECENT