Wednesday , August 16 2017
Home / ہندوستان / سڑکوں کے نام کی تبدیلی حکومت کا ایجنڈہ نہیں

سڑکوں کے نام کی تبدیلی حکومت کا ایجنڈہ نہیں

اکبر روڈ کو مہارانا پرتاپ سے موسوم کرنے کی تجویز نظرانداز
نئی دہلی ۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے اکبر روڈ کا نام تبدیل کرتے ہوئے اس کو مہارانا پرتاپ روڈ سے موسوم کرنے کے مطالبات کو آج مسترد کردیا، جس سے ایک دن قبل مملکتی وزیرخارجہ وی کے سنگھ نے وزیر شہری ترقیات کے نام اپنے مکتوب میں اکبر روڈ نام تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔ وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’سڑکوں کے نام رکھنا یا ان کے ناموں کو تبدیل کرنا وزارت شہری ترقیات کا ترجیحی موضوع نہیں ہے۔ یہ (نام کی تبدیلی) حکومت کے ایجنڈہ میں نہیں ہے۔ حکومت صرف ترقی پر توجہ مرکوز کررہی ہے‘‘۔ وی کے سنگھ نے لیوٹنس زون میں شہنشاہ اکبر سے موسوم اس روڈ کا نام تبدیل کرتے ہوئے میوار کے راجپوت حکمراں مہارانا پرتاپ سنگھ سے موسوم کرنے کی پرزور وکالت کی تھی۔ سنگھ نے یہ مطالبہ ان اطلاعات کے درمیان کیا تھا کہ ہریانہ کی حکومت نے بھی اکبر روڈ کو میوار کے سابق حکمراں سے موسوم کرنے کی درخواست کی ہے۔ تاہم وینکیا نائیڈو نے اپنے ساتھی وزیر کے ان تبصروں کو نظرانداز کردیا۔ واضح رہیکہ گذشتہ سال بی جے پی قائدین کے مطالبہ پر اگست میں اورنگ زیب روڈ کا نام تبدیل کرتے ہوئے اس روڈ کو اے پی جے عبدالکلام سے موسوم کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT