Thursday , September 21 2017
Home / جرائم و حادثات / سڑک حادثات میں پانچ افراد کی موت

سڑک حادثات میں پانچ افراد کی موت

حیدرآباد ۔23  جون (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں پیش آئے سڑک  حادثات میں 5 افراد فوت ہوگئے۔ ہمایوں نگر پولیس کے مطابق 50 سالہ شیخ یٰسین جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا، چندرائن گٹہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ کل رات یہ شخص آٹو میں ہمایوں نگر علاقہ سے گذر رہا تھا کہ سڑک کے کنارے سے ٹھہری ہوئی ایک کار سے آٹو ٹکرا گیا اور اس حادثہ میں شدید زخمی شیخ یٰسین علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ چادرگھاٹ پولیس کے مطابق 16 سالہ محمد یٰسین جو موسیٰ نگر علاقہ کا ساکن تھا، چادرگھاٹ علاقہ میں رہتا تھا۔ کل صبح پیش آئے سڑک حادثہ میں یہ نوجوان شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران آج فوت ہوگیا۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 25 سالہ شرتھ کمار جو پیشہ سے سافٹ ویر ملازم تھا، ونستھلی پورم علاقہ میں رہتا تھا۔ کل موٹر سیکل پر یہ شخص رائے درگم حدود سے گذر رہا تھا کہ موٹر سیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں شرتھ کمار فوت ہوگیا۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 45 سالہ وینو مادھو ریڈی جو پیشہ سے سرکاری ملازم تھا، بھاگیہ لتا کالونی حیات نگر میں رہتا تھا، موٹر سیکل پر سواری کے دوران ٹاٹا ایس گاڑی کی زد میں آ کر یہ شخص شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ گھٹکیسر پولیس کے مطابق 46 سالہ سبارائیڈو جو گھٹکیسر علاقہ کا ساکن تھا، کل یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ مخالف سمت سے دوسری موٹر سیکل سے تصادم کے بعد شدید زخمی ہوگیا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ سبا رائیڈو پیشہ سے کسان بتایا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔

TOPPOPULARRECENT