Sunday , October 22 2017
Home / جرائم و حادثات / سڑک حادثات میں چار افراد بشمول دو طالب علم ہلاک

سڑک حادثات میں چار افراد بشمول دو طالب علم ہلاک

حیدرآباد 12 فروری (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقوں اپل اور راجندر نگر پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول دو طالب علم ہلاک ہوگئے۔ اپل پولیس کے مطابق 18 سالہ محمد نور احمد جو اُپل علاقہ کے ساکن محمد رؤف کا بیٹا تھا، اپنے ساتھی 17 سالہ شراون کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہا تھا، شراون بھی طالب علم ہے اور اُپل علاقہ کے ساکن ملیش کا بیٹا تھا، آج صبح 5 بجے کے وقت یہ دونوں اُپل تالاب کے علاقہ سے گزر رہے تھے کہ ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 39 سالہ محمد علی جو پیشہ سے خانگی ملازم تھے، نواب صاحب کنٹہ علاقہ کے ساکن بتائے گئے، 10 فروری کو اپنی موٹر سیکل پر جارہے تھے کہ حادثہ پیش آیا اور شدید زخمی حالت میں کل رات فوت ہوگئے۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 45 سالہ شیخ چاند جو بیراپا گوڑہ علاقہ کا ساکن ، یہ شخص پیشہ سے ڈرائیور بتایا گیا جو ایک انجینئرنگ کالج کی بس چلایا کرتا تھا اور حادثہ کے وقت چاند کالج کیمپس میں ہی تھا۔ ایک دوسرے ڈرائیور نے گاڑی نکالنے کے دوران لاپرواہی کا مظاہرہ کیا اور گاڑی کی زد میں آکر شیخ چاند شدید زخمی ہوگیا جس کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔

TOPPOPULARRECENT