Thursday , August 17 2017
Home / جرائم و حادثات / سڑک حادثات میں چار افراد ہلاک

سڑک حادثات میں چار افراد ہلاک

حیدرآباد ۔ 5 اگست (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 23 سالہ مہندر جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا، نلگنڈہ ضلع کا متوطن بتایا گیا ہے۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں یہ شخص ایل بی نگر سے حیات نگر کی جانب جارہا تھا کہ اس کا آٹو سڑک کے کنارے نوپارکنگ زون میں کھڑی ہوئی لاری سے ٹکرا گیا۔ پولیس کے مطابق لاری ڈرائیور نے کسی بھی قسم کا کوئی انتباہ یا چوکسی والی علامتیں ظاہر نہیں کی تھی جس کے سبب سمجھاجارہا ہیکہ یہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں شدید زخمی مہندر دوران علاج فوت ہوگیا۔ ترملگیری پولیس کے مطابق 48 سالہ راماراؤ پیشہ سے الیکٹریشن ترملگیری علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ آج صبح یہ شخص ترملگیری کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا جو علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ شاہ میر پیٹ پولیس کے مطابق 29 سالہ سائی مرلی جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا، شاہ میر پیٹ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے کل یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ حیات نگر پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 17 سالہ پون کمار ریڈی جو طالب علم بتایا گیا ہے۔ یہ طالب علم چمپاپیٹ پریس کالونی علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ گذشتہ روز یہ طالب علم اپنی بہن بہنوئی اور بہن کی سہیلی کے ہمراہ کار میں سفر کررہا تھا کہ کار بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور اسی وقت اس طالب علم کی بہن روپا ریڈی فوت ہوگئی تھی اور پون کمار ریڈی کل رات علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔

TOPPOPULARRECENT