Sunday , September 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / سڑک حادثہ، 2پشکریا تری ہلاک

سڑک حادثہ، 2پشکریا تری ہلاک

۔32افراد زخمی،محبوب نگر کے قریب خانگی بس کی کار کو ٹکر

محبوب نگر۔/17اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع محبوب نگر میں منگل کے روز پیش آئے دو سڑک حادثات میں 2پشکر یاتری ہلاک اور 32 افراد زخمی ہوگئے۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق امرآباد منڈل کی حیدرآباد تا سری سیلم شاہراہ پر پرائیویٹ ٹراویلس بس جو سری سیلم سے حیدرآباد جارہی تھی مخالف سمت سے آنے والی کار کو ٹکر دے دی۔ حادثہ میں کرنول ضلع سے تعلق رکھنے والے کے شیوارام ریڈی24سالہ برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ دواخانہ منتقلی کے دوران حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کیشولو نے دم توڑدیا۔ کار میں موجود باقی تین افراد بھی شدید زخمی ہوگئے۔ دوسرا واقعہ جڑچرلہ کے قریب پرائیویٹ بس کے اُلٹ جانے کے نتیجہ میں پیش آیا۔ جس میں 32 مسافرین زخمی ہوگئے اور دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کریم نگر ضلع کے یلاریڈی پیٹ منڈل کے الماس پور کے 32افراد پرائیویٹ بس کے ذریعہ بیچ پلی (گدوال ) دریائے کرشنا میں ڈبکی لگانے کی غرض سے روانہ ہوئے۔ جڑچرلہ کے قریب کار کے تصادم سے بچنے کیلئے بس ڈرائیور نے ریلنگ کو ٹکر دے دی بس توازن کھوتے ہوئے اُلٹ گئی نتیجہ میں32مسافرین زخمی ہوگئے جنہیں محبوب نگر سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا۔ جڑچرلہ پولیس نے ڈرائیور پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ الٹ جانے والی بس 2011 تک آر ٹی سی میں کرایہ کی اساس پر چلائی گئی تھی جس پر پلے ویلگو تحریر ہے۔ آر ٹی سی معاہدہ ختم ہوکر طویل عرصہ گذرنے کے باوجود پلے ویلگو تحریر کے ساتھ بس چلانا آر ٹی اے عہدیداروں کی لاپرواہی کا ثبوت ہے۔ آر ٹی سی ذرائع کے مطابق بس پر سے پلے ویلگو تحریر نہ مٹانے اور لاپرواہی پر موٹر وہیکل انسپکٹر سبھاش چندر ریڈی اور اسسٹنٹ موٹر وہیکل انسپکٹر ایس وکرم کو معطل کرنے کے احکامات ریاستی ٹرانسپورٹ کمشنر سندیپ کمار سلطانیہ نے جاری کئے۔

TOPPOPULARRECENT