Thursday , July 27 2017
Home / شہر کی خبریں / سڑک کے کنارے پیشاب کرنے سے روکنے مہم کے مثبت نتائج

سڑک کے کنارے پیشاب کرنے سے روکنے مہم کے مثبت نتائج

گندگی سے پاک شہر بنانے کی ترغیب دینے کی کامیاب کوشش ، جی ایچ ایم سی کی جانب سے گلپوشی
حیدرآباد۔10جنوری(سیاست نیوز) ’کھلے میں نہ جاؤ‘کے شعور کو بیدار کرنے کیلئے گاندھی گری اور چالانات کا سلسلہ جاری ہے لیکن کھلے میں جانے کا سلسلہ بھی بند نہیں ہو رہا ہے۔ سڑک کے کنارے پیشاب کرنے کے سبب ہونے والی گندگی کو روکنے کیلئے بلدیہ کی جانب سے چلائی جا رہی مہم کے مثبت اثرات برآمد ہو رہے ہیں لیکن اس مہم میں مزید شدت پیدا کئے جانے کی ضرورت ہے۔دونوں شہروں میں جی ایچ ایم سی نے سڑک کے کنارے پیشاب کرنے والوں کو پھول کے ہار پہنانے کا سلسلہ شروع کیا جس کے سبب سرکل 8 میں نشاندہی کئے گئے 18مقامات پر دوشنبہ کے دن ایک بھی شخص عہدیداروں کو نہیں ملا جس کی سڑک کے کنارے پیشاب کرنے پر گلپوشی کی جا سکے۔ گلپوشی کے ساتھ ساتھ کھلے مقامات اور عوامی مقامات پر پیشاب کرنے والوں کے خلاف بلدی عہدیداروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاوالی کی جا رہی ہے اور اس کاروائی کے دوران ایسا کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں پر 200روپئے جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں کئی مقامات پر سڑک کے کنارے پیشاب کرنے والوں کے خلاف کاروائی شروع کئے جانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ سرکل 8میں ایسے 18مقامات کی نشاندہی کی گئی تھی جہاں برسرعام پیشاب کیا جاتا تھا لیکن ان 18مقامات پر گذشتہ ایک ہفتہ سے بلدی عہدیداروں و ملازمین کی جانب سے گلپوشی کے سلسلہ نے دوشنبہ کو ان 18مقامات پر ایک شخص کو بھی پیشاب کرتے نہیں دیکھا گیا۔ سرکل 3Bاور 13میں بلدیہ کی جانب سے گاندھی گری کے بجائے کھلے عام پیشاب کرنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کئے جانے لگے ہیں اور تاحال بلدی عہدیداروں نے 3100افراد پر جرمانے عائد کئے ہیں۔ ابتدائی طور پر بلدیہ کی جانب سے شہر کے مرکزی مقامات بشیر باغ‘ کوٹھی‘ عابڈز‘ برلا مندر‘ رویندر بھارتی ‘ حسین ساگر کے علاوہ دیگر مقامات پر اس مہم کا آغاز کیا ہے اور بہت جلد اس مہم کو مزید وسعت دیتے ہوئے شہر کے دیگر علاقوں میں بھی شروع کی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے 20جنوری کو عصری بیت الخلاء کی تنصیب سے قبل تمام ایسے علاقوں کی نشاندہی کی ہدایت جاری کی گئی ہیں جہاں عام طور پر لوگ پیشاب کرتے ہیں ۔ ان مقامات کو پاک کرنے کے بعد شہر میں عصری بیت الخلاء کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی اور اس کے بعد اگر کوئی سڑک پر پیشاب کرتا ہوا پکڑا جاتا ہے تو ایسی صورت میں اسے جرمانہ عائد کیا جائے گا اور ایک سے زائد مرتبہ اس طرح کی حرکت میں ملوث پائے جانے والوں کے خلاف عوامی مقامات پر گندگی پھیلانے کے الزام میں مقدمات درج کرتے ہوئے سزائے قید کے متعلق غور کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT