Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / سکریٹری اقلیتی بہبود و ڈائرکٹر آثار قدیمہ کا دورہ مکہ مسجد

سکریٹری اقلیتی بہبود و ڈائرکٹر آثار قدیمہ کا دورہ مکہ مسجد

مرمتی کاموں کیلئے مختلف امکانات کا جائزہ ۔ کاموں کے جلد آغاز کی ضرورت سے اتفاق
حیدرآباد۔21(سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کے مرمتی کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں ڈائرکٹر محکمہ آثار قدیمہ مسز این آر ویسالچھی نے آج سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب عمر جلیل اور مقامی کارپوریٹر کے ہمراہ مسجد کا دور ہ کرتے ہوئے تفصیلات سے آگہی حاصل کی لیکن اس موقع پر دونوں ہی عہدیدار یہ بتانے سے قاصر رہے کہ تاریخی مکہ مسجد کے مرمتی کاموں کا آغاز کب کیا جائے گا ؟ جناب عمر جلیل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی جانب سے کئے گئے سوالات کو یہ کہتے ہوئے ٹال دیا کہ یا محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ کس وقت مرمتی کام شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ مکہ مسجد کی مرکزی عمارت کی دیوار سے پانی رسنے لگا ہے اور اسکے مرمتی کاموں کا فوری آغاز کیا جانا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد کے اندرو نی حصہ میں چھت کی پلاسٹر بھی جھڑنے لگی ہے اور اس مسئلہ کی یکسوئی کے علاوہ صحن میں آصف جاہی مقبروں کی چھت کی مرمت کے کام شروع کئے جانے ہیں۔ سیکریٹری اقلیتی بہبود نے بتایا کہ آج کے دورہ کا مقصد صرف آنے جانے کی راہوں اور تعمیری اشیاء رکھنے کی جگہوں کے تعین کے علاوہ تعمیراتی کاموں کے آغاز کیلئے اقدامات کا جائزہ لینا ہے اور اس بات کا جائزہ لینا ہے کہ تاریخی مکہ مسجد میں مرمتی کاموں کے دوران کن راستوں سے تعمیری اشیا لائی جا سکتی ہیں۔ جناب محمد عبدلقدیر صدیقی مہتمم مکہ مسجد بھی موجود تھے۔ مکہ مسجد کے مرمتی کاموں کے سلسلہ میں جناب اے کے خان مشیر برائے اقلیتی امور ریاستی حکومت نے آج دن میں ڈائرکٹر محکمہ آثار قدیمہ کو احکامات اور بجٹ کی تفصیلات حوالہ کیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ چند یوم میں سیاسی قائدین کی موجودگی میں مکہ مسجد کے مرمتی کاموں کا آغاز کرکے یہ تاثر دیا جائیگا کہ ان کی نمائندگیوں پر یہ کام انجام دیئے جا رہے ہیں جبکہ یہ بات حقیقت ہے کہ اب تک ان مرمتی کاموں کے سلسلہ میں ذرائع ابلاغ کی جانب سے برسوں سے توجہ مبذول کروائی جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس تاریخی عمارت کے تحفظ کو یقینی بنانے کاقدامات کو تیز کیا جائے۔

TOPPOPULARRECENT