Tuesday , October 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / سکیورٹی کی ضمانت پر ہی ٹیم ہندوستان جائے گی

سکیورٹی کی ضمانت پر ہی ٹیم ہندوستان جائے گی

پی سی بی سربراہ سے فون پر بات چیت کے بعد پاکستانی وزیر داخلہ کا بیان
اسلام آباد ۔ 4 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم فول پروف سکیورٹی کی ضمانت ملنے پر ہی ہندوستان جائے گی۔ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیرداخلہ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان سے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ ہندوستان کے حوالے سے ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا۔سرکاری ریڈیو کے مطابق وزیر داخلہ  اس حوالے سے رپورٹ آج (جمعہ کو)  وزیراعظم نواز شریف کو پیش کریں گے۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مارچ میں ہندوستان میں شروع ہونے والے عالمی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم کو ہندوستان بھیجنے کی اجازت دیدی تھی تاہم ہماچل پردیش کی ریاستی حکومت ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 19 مارچ کو دھرم شالہ میں ہونے والے عالمی کپ کے میچ کی مخالفت کر رہی ہے۔ہماچل پردیش میں کانگریس کی حکومت ہے اور پارٹی کے ایک سینیئر وزیر جی ایس بالی بھی یہ اعلان کرچکے ہیں کہ اگر دھرم شالہ سے میچ نہیں ہٹایا گیا تو وہ اس کے خلاف تحریک شروع کریں گے۔اس سے قبل ریاست کے وزیر اعلیٰ ویر بھدر سنگھ نے بتایا تھا کہ اس علاقے میں بڑی تعداد میں آباد سابق فوجی میچ کی مخالفت کررہے ہیں کیونکہ پٹھان کوٹ کی ایئر بیس پر شدت پسندوں کے حملے میں مارے جانے والے دو فوجیوں کا تعلق اسی علاقے سے تھا۔اس علاقے میں رہنے والے فوجیوں کا مطالبہ ہے کہ پاکستان کا میچ یہاں نہ ہو۔خیال رہے کہ یہ غیر معمولی صورتحال ہے کیونکہ یہ شاید پہلی مرتبہ ہے کہ کانگریس کی کوئی ریاستی حکومت ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کی مخالفت کر رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT