Sunday , August 20 2017
Home / سیاسیات / سکیولر ووٹوں کی تقسیم کا بی جے پی کو فائدہ : جمعیۃ علماء ہند

سکیولر ووٹوں کی تقسیم کا بی جے پی کو فائدہ : جمعیۃ علماء ہند

پرتاپ گڑھ ، 15مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جمعیۃ علماء ہند اتر پردیش ( محمود مدنی ) کے صوبائی سکریٹری مولانا شبیر احمد مظاہری نے کہا کہ یو پی اسمبلی الیکشن میں سکیولر ووٹوں کی تقسیم سے بی جے پی کو مزید فائدہ حاصل ہوا ہے ،جو سکیولرازم کے دامن پر بد نما داغ ہے ۔ انہوں نے نیوز ایجنسی ’یواین آئی‘ سے بات چیت میں یہ تاثرات ظاہر کئے۔ مولانا مظاہری نے کہا کہ اتر پردیش میں شکست کا سبب سکیولر پارٹیوں کی آپسی رسہ کشی و بکھراؤ ہے جس سے ملک کے سکیولر ڈھانچہ کو مزید خسارہ ہوا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کے دوران لوگوں کو منقسم کرنے والی وزیر اعظم کی تقریر قبرستان و شمشان گھاٹ ،ہولی دیوالی جیسے نازک و حساس الفاظ کے استعمال سے اکثریتی طبقے کے پسماندہ اور دلت برادری کے ووٹوں پر اثر ہوا اور سکیولر ووٹ منقسم ہو کر رہ گئے ۔اس سے بی جی پی فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہی ۔یہ سکیولر پارٹیوں کیلئے ایک اہم سیاسی سبق ہے۔خصوصی طور سے مسلم ووٹوں کے منقسم ہونے سے مسلم اکثریتی حلقوں میں بی جے پی کی فتح تعجب کی بات ہے۔ ہماری قیادت اور سیاست کا دم بھرنے والوں کی لاپرواہی، عدم توجہی و آپسی اتحاد و اتفاق نہ ہونے کے سبب یہ نتائج آئے ہیں۔ خاص طور سے مسلم قائدین کا کردار کم منفی نہیں رہا ہے ۔حالات کو سمجھنے کی کوشش کئے بغیر ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی سے بی جے پی کو جو فائدہ ہوا ہے اس سے مسلم سیاست حاشیہ پر آگئی ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ سکیولر خاص کر متحد مسلم ووٹوں نے جس بھگوا پارٹی کو پندرہ سال قبل بوریا بستر لپیٹ کر ریاست بدر کر دیا تھا آج اسی بھگوا پارٹی کا اکثریت کے ساتھ آنا صرف سکیولر ووٹوں کی تقسیم اور بی جے پی کے حمایت میں بکھراؤ سب سے بڑا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مزید مایوس ہونے کے بجائے مسلمانوں کو سیاسی سبب تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔

TOPPOPULARRECENT