Friday , September 22 2017
Home / ہندوستان / سہارن پور میں نسلی تشدد کا اہم ملزم چندر شیکھر گرفتار

سہارن پور میں نسلی تشدد کا اہم ملزم چندر شیکھر گرفتار

لکھنؤ8جون (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے سہارن پور ضلع میں گزشتہ ماہ پیش آئے نسلی تشدد کا اہم ملزم اور بھیم آرمی کا صدر چندرشیکھر آج ہماچل پردیش کے ڈلہوزی سے گرفتاری کرلیا گیا۔ ریاست کے پولیس ڈائریکٹر جنرل (امن و قانون) ادتیہ ناتھ مشرا نے’یواین آئی‘کو یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ چندر شیکھر کو اسپیشل ٹاسک فورس(ایس ٹی ایف)کی ٹیم نے گرفتار کیا ہے ۔اسے ڈلہوزی کی مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ وہاں سے ٹرانزٹ ریمانڈ لے کر سہارن پور لایا جائے گا۔ ادتیہ ناتھ نے بتا یا کہ چندرشیکھر ہریانہ ، پنجاب اور ہماچل پردیش میں مسلسل بھاگ رہا تھا۔ دو دن پہلے اس کے پنجاب کے ہوشیارپور میں رہنے کی خبر ملی تھی۔اس نے آئندہ 18جون کو دہلی کے جنتر منتر پر پھرسے دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ وہ لوگوں کو مسلسل بھڑکا رہا تھا۔ ایس ٹی ایف اس کے پیچھے پڑی ہوئی تھی۔ قریب 11بجے اس کے ڈلہوزی میں موجود ہونے کی اطلاع ملی اور اسے وہیں پکڑ لیا گیا۔آج ہی اسے مقامی عدالت میں پیش کرکے ٹرانزٹ ریمانڈ پر سہارن پور لایا جارہا ہے۔ اڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل(امن و قانون)نے بتایا کہ سہارن پور میں اس کی گرفتاری پر ممکنہ ردعمل کے پیش نظر دو کمپنی ریپڈ ایکشن فورس اور پی اے سی کی اضافی ٹکڑیاں بھیجی جارہی ہیں۔ آر اے ایف اور پی اے سی کی دوکمپنیاں پہلے بھی تعینات کی گی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT