Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / سہواگ ‘آفریدی اور گیل ٹی10 میں شامل

سہواگ ‘آفریدی اور گیل ٹی10 میں شامل

دبئی۔24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) اپنی دھواں دھار بیٹنگ کے لیے دنیا بھر میں مشہور کھلاڑی وریندر سہواگ‘ شاہد آفریدی اور کرس گیل ایک مرتبہ پھر کرکٹ کے میدان میں آمنے سامنے ہونے کے لیے تیار ہیں۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ٹی 10 لیگ یا ٹین کرکٹ لیگ کے نام سے کرکٹ ٹورنمنٹ شروع کرنے کی تیاریاں عروج پر ہیں جس میں بوم بوم آفریدی، سابق ہندوستان بیٹسمین وریندر سہواگ، کرس گیل، کمار سنگاکارا اور دیگر کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ٹورنامنٹ میں 7 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں ٹیم پنچابیز، ٹیم پختونز، ٹیم مراٹھا، ٹیم بنگالز، ٹیم لنکنز، ٹیم سندھیز اور ٹیم کیرالائٹس شامل ہیں۔ لیگ میں کھیلے جانے والے میچز 10 اوورز پر محیط ہوں گے جس کا دورانیہ تقریباً 90 منٹ ہو گا۔ ایونٹ کا آغاز ممکنہ طور پر 21 دسمبر کو ہو گا جو 24 دسمبر تک جاری رہے گا جبکہ تمام میچز شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔ ٹین کرکٹ لیگ کے صدر شجی الملک نے کہا ہے کہ انہیں اس لیگ سے خاصی توقعات وابستہ ہیں اور وہ کافی پرجوش ہیں کیوں کہ اس لیگ سے کرکٹ میچ کا دورانیہ بھی 90 منٹ تک محدود ہوجائے گا جیسا کہ فٹبال اور دیگر کھیلوں میں ہوتا ہے۔شجی الملک نے کہا کہ اس لیگ میں لوگوں کو تیز رفتار اور ایکشن سے بھرپور کرکٹ دیکھنے کو ملے گی جب کہ اس لیگ کو جنوبی ایشیا کے شائقین کو مد نظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے کیوں کہ متحدہ عرب امارات میں ایشیائی باشندوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی نیلامی جلد متحدہ عرب امارات میں منعقد کی جائے گی اور امید ہے کہ لیگ کے میچز کے دوران اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچا بھرا رہے گا۔

TOPPOPULARRECENT