Friday , October 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / سہواگ بین الاقوامی کرکٹ اور آئی پی ایل سے سبکدوش

سہواگ بین الاقوامی کرکٹ اور آئی پی ایل سے سبکدوش

سہواگ ویوین رچرڈس جیسے کھلاڑی:دھونی

نئی دہلی ۔ 20 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے موجودہ دور کی کرکٹ میں سب سے جارحانہ تصور کئے جانے والے اوپنر ویریندر سہواگ نے آج بین الاقوامی کرکٹ اور آئی پی ایل سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے اور اس طرح سہواگ کے 14 برسوں پر محیط شاندار بین الاقوامی کیرئیر کا اختتام عمل میں آیا ہے ۔ سہواگ نے یہاں کہا کہ وہ گزشتہ ایک عرصہ سے ہی ذہن بناچکے تھے کہ 37ویں سالگرہ پر وہ بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کریں گے اور آج انھوں نے فیصلہ کرلیا ہے ۔ سہواگ کے بموجب وہ بین الاقوامی کرکٹ کے علاوہ انڈین پریمیر لیگ سے بھی کنارہ کشی اختیار کررہے ہیں ، حالانکہ کرکٹ ان کی زندگی رہی ہے اور وہ اس کے سلسلے کو جاری بھی رکھیں گے۔ سہواگ نے اپنے اُن تمام ساتھیوں سے اظہارتشکر بھی کیا جو ان کے ساتھ میدان میں کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ 14 برسوں کے شاندار کیرئیر کے دوران سہواگ نے 104 ٹسٹ مقابلوں میں 49.34 کے متاثرکن اوسط کے ساتھ 8,586 رنز اسکور کئے ہیں جس میں 23 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

سہواگ ہندوستان کے وہ واحد بیٹسمین ہیں جنھوں نے ٹسٹ میں ٹریپل سنچری اسکور کی ہے ۔ جیسا کہ انھوں نے اپنے کیرئیر میں پاکستان کے خلاف ملتان ٹسٹ میں 319 رنز کی ایک یادگار اننگز کھیلی تھی جس کے بعد انھیں ملتان کا سلطان کے لقب سے پکارا جانے لگا تھا ۔ اس کے بعد انھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف بھی 309 رنز کی اننگز کھیلی ہے ۔ 250 ونڈے مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سہواگ نے 8273 رنز اسکور کئے جس میں 15 سنچریاں اور 38 نصف سنچریوں کے علاوہ ایک ڈبل سنچری بھی شامل ہے ۔ 19 ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں انھوں نے 394 رنز اسکور کئے جس میں دو نصف سنچریاں شامل ہے۔ سہواگ مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں 2007 ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ اور 2011 ونڈے ورلڈ کپ کی فاتح ہندوستانی ٹیم کا حصہ رہے ہیں ۔ سہواگ نے آئندہ برس منعقد شدنی ماسٹر چمپئن لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں شرکت کا منتظمین سے معاہدہ کیا ہے اور ضروری ہے کہ اس ایونٹ میں وہی کھلاڑی شرکت کے اہل ہوں گے جو کہ بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرچکے ہیں۔ سہواگ کی جانب سے سبکدوشی کا یہ اعلان ان کے ایک اور سینئر ساتھی ظہیرخان کی جانب سے سبکدوشی کے اعلان کے چند دن بعد منظرعام پر آیا ہے۔

دریں اثناء ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کش ہونے والے جارحانہ اوپنر سہواگ کی دل کھول کر ستائش کرتے ہوئے انھیں لیجنڈ کھلاڑی ویوین رچرڈس کا ہم پلہ کھلاڑی قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے رچرڈس کو شخصی طورپر بیٹنگ کرتے ہوئے نہیں دیکھا ہے لیکن فخر سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ ویریندر سہواگ دنیا کی بہترین بولنگ کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کرچکے ہیں۔ دھونی نے اپنے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ بیٹنگ کی صلاحیت کسی بھی کھلاڑی میں ہوسکتی ہے لیکن سہواگ ذہنی طورپر جس قدر مضبوط تھے وہ کسی کے بس کی بات نہیں۔ دھونی کے بموجب کھلاڑی اکثر سنگل رن کی کوشش میں رہتے ہیں لیکن سہواگ ایسے کھلاڑی تھے جو باؤنڈریز کی تلاش میں رہتے تھے ۔ سہواگ نے کئی مرتبہ مجھ سے کہا تھا کہ ہمیں اپنی بیٹنگ سے لطف اندوز ہونا چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT