Friday , July 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / سہواگ کی بیرونی کھلاڑیوں پر شدید تنقید

سہواگ کی بیرونی کھلاڑیوں پر شدید تنقید

پونے۔15 مئی (سیاست ڈاٹ کام )کنگز الیون پنجاب کے ڈائریکٹر اور سابق اوپنر وریندر سہواگ نے ٹیم کے مایوس کن طور پر آئی پی ایل کے پلے آف سے باہر ہو جانے پر ناراضگی ظاہر کی ہے اور کپتان گلین میکسویل سمیت اپنے سبھی غیر ملکی کھلاڑیوں پر اپنی برہمی کا اظہار کیا ہے ۔پنجاب نے پلے آف میں جگہ بنانے کے لئے سب سے اہم آخری لیگ میچ میں ہی مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا اور پونے کے خلاف 48 گیندیں باقی رہتے ہوئے وہ نو وکٹ سے میچ ہار کر باہر ہو گئی۔ اس میچ میں پنجاب کی پوری ٹیم 73 رن پر ہی ڈھیر ہو گئی اور کپتان میکسویل صفر پر پویلین لوٹ گئے تھے ۔ آئی پی ایل میں یہ پنجاب کا اب تک کا سب سے کم اسکور بھی رہا۔سہواگ نے ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا میں بہت مایوس ہوں۔ میں کہہ سکتا ہوں کہ کسی بھی غیر ملکی کھلاڑی نے میچ میں اپنی ذمہ داری صحیح طریقے سے نہیں نبھائی اور وہ12 تا 15 اوور تک نہیں کھیل سکے ۔ سرفہرست چار بیٹسمینوں میں کم از کم ایک کو دیر تک کھیلنا چاہیے تھا لیکن کسی نے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی۔ سہواگ نے غیر ملکی کھلاڑیوں پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا میکسویل، شان مارش، مارٹن گپٹل اور مورگن سب نے کافی مایوس کیا۔ میچ میں میکسویل صفر، شان 10، گپٹل صفر اور مورگن چار رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔سہواگ نے کہا گپٹل کا کام پاورپلے میں رنز بنانے کا تھا اور وردھیمان ساہا کو ان کے ساتھ طویل اننگز کی ذمہ داری پوری کرنی تھی۔ جب تک انہیں پتہ ہے کہ وہ کیا کر رہے ہیں مجھے فرق نہیں پڑتا کہ وہ پہلی یا دوسری گیند پر آؤٹ ہو جائیں۔ انہیں دوبارہ اس کے لئے قصوروار ٹھہرانے کا کوئی مطلب نہیں ہے ۔ وہیں مارش کو10 سے 12 اوور کھیلنے تھے لیکن وہ جس طرح سے آؤٹ ہوئے وہ مایوس کن تھا۔ اس کے بعد میکسویل اور مورگن بھی سستے میں چلتے بنے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT