Sunday , October 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / سہ فریقی سیریز: جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو شکست دی

سہ فریقی سیریز: جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو شکست دی

ورلڈ چمپئن ٹیم 190 کے ٹارگٹ پر 47 رنز سے ہار گئی ۔ ٹورنمنٹ کی تینوں ٹیموں کی ایک، ایک جیت
پراویڈنس (گیانا) ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ نے فرحان بہارالدین اور کگیسو رباڈا کی شاندار کارکردگی کی بدولت سہ فریقی ونڈے سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا کو 47 رنز سے شکست دے کر قیمتی بونس پوائنٹ حاصل کرلیا۔ گیانا میں کھیلے گئے میچ کی پچ بیٹنگ کیلئے ناسازگار تھی لیکن جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں غلط دکھائی دے رہا تھا۔ تاہم ٹیم نے بولنگ اور فیلڈنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فیصلے کو درست ثابت کردیا۔ کوئنٹن ڈی کاک 18 رنز بنا کر 29 کے اسکور پر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جبکہ ریلی روسو 7 رنز کا اضافہ کرکے چلتے بنے تو کپتان ڈی ولیئرز نے ہاشم آملہ کا ساتھ دیا اور اسکور کو 81 تک لے گئے۔ ہاشم نے 35 رنز بنائے تھے کہ کپتان کے ساتھ تیز رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد ڈی ولیئرز 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کا اسکور 112/6 ہوچکا تھا کہ چھٹے نمبر پر فرحان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو مشکل وکٹ پر قابل دفاع ٹارگٹ کی بنیاد فراہم کی۔ لوور آرڈر کے رباڈا نے 15 ناٹ آؤٹ رنز بنا کر ٹیم کو مقررہ 50 اوورز میں 189/9 اسکور کرنے میں مدد کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ، کولٹرنائل اور گلن میکسویل نے 2،2 وکٹیں لئے۔

جنوبی افریقہ کے مقررہ بظاہر آسان ٹارگٹ (190) کے تعاقب میں آسٹریلیائی ٹیم شروع میں ہی مشکلات سے دوچار ہوئی جب مایہ ناز اوپنر ڈیوڈ وارنر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور عثمان خواجہ 2 رنز بنا کر رباڈا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ دیگر اوپنر آرن فنچ نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 72 رنز بنائے لیکن دوسری جانب سے ان کا ساتھ دینے کی کسی نے زحمت گوارا نہیں کی۔ یوں آسٹریلیا کے 8 بلے باز دہرے ہندسے کو عبورکرنے میں ناکام رہے۔ ناتھن لیون 30 رنز بنا کر دوسرے بڑے اسکورر بنے۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم 34.2 اوورز میں 142 پر ڈھیر ہوئی۔ رباڈا نے 3/13 کے اعداد وشمار درج کرائے جبکہ عمران طاہر، وین پارنل اور فنگیسو نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فرحان کو اچھی بیٹنگ پر ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔ سہ فریقی سیریز کا اگلا میچ 11 جون کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا۔ اس ٹورنمنٹ کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو ہرایا تھا جبکہ دوسرے مقابلے میں آسٹریلیا نے میزبانوں کو شکست دی تھی۔ اس طرح تینوں ٹیموں کو ایک، ایک کامیابی ملی ہے۔

TOPPOPULARRECENT