Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / سیارہ ’ عطارد ‘ کل سورج پر نمودار ہوگا

سیارہ ’ عطارد ‘ کل سورج پر نمودار ہوگا

حیدرآباد میں شام 4.40 تا 6.39 مشاہدہ ، ڈائرکٹر برلا سنٹر کا پریس نوٹ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : ڈائرکٹر بی ایم برلا سائنس سنٹر کی اطلاع کے مطابق نظام شمسی کا سیارہ عطارد پیر 9 مئی کو ہندوستان کے کئی حصوں سے دیکھا جاسکے گا ۔ سیارہ عطارد سہ پہر سورج کے ایک جانب ایک سیاہ دھبہ کی شکل میں نمودار ہوگا ۔ سورج اور کرہ ارض کے درمیان سے سیارہ عطارد کے گذرنے کے وقت ایسا منظر پیش آتا ہے ۔ تقریبا چار سو سال کے عرصہ میں سیارہ عطارد صرف 55 بار دکھائی دیا ہے ۔ ایک صدی کے دوران سیارہ عطارد 13 یا 14 بار ماہ مئی یا ماہ نومبر میں دکھائی دیتا ہے ۔ سورج پر نمودار ہونے والے سیارہ عطارد کو ایشیا ، یوروپی ، آفریقی ممالک گرین لینڈ ، جنوبی امریکہ ، شمالی امریکہ ، آرٹک ، شمالی اٹلانٹک اوشین اور پسیفیک اوشین علاقوں سے دیکھا جاسکے گا جب کہ مشرقی شمالی امریکہ ، شمالی جنوبی امریکہ ، آرٹک ، گرین لینڈ ، شمالی مغرب آفریقہ ، مغربی یوروپ اور شمالی اٹلانٹک اوشین علاقوں سے سیارہ عطارد کا آغاز سے اختتام تک مشاہدہ کیا جاسکے گا ۔ سیارہ عطارد جملہ 7 گھنٹے 30 منٹ کے لیے سورج پر نمودار ہوگا ۔ ہندوستان میں تمام علاقوں سے اس کو دیکھا جاسکے گا۔ مشاہدین ایک گھنٹہ تا 2 گھنٹے 45 منٹ تک سیارہ کا مشاہدہ کرسکیں گے ۔ حیدرآباد میں 4 بجکر 40 منٹ سے غرب آفتاب 6 بجکر 39 منٹ تک سیارہ عطارد کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے ۔ اس سے قبل 6 نومبر 2006 کو سیارہ کو دیکھا گیا تھا جب کہ آئندہ 11 نومبر 2019 کو دوبارہ اس کو دیکھا جاسکے گا ۔ سیارہ کو سادی آنکھ سے بالکل نہ دیکھا جائے دوربین میں ٹیلی اسکوپس کے ذریعہ مشاہدہ کریں ۔ تاہم اس کے مشاہدہ کا بہترین طریقہ ٹیلی اسکوپ کے ذریعہ سورج کے سایہ کو ایک سفید بورڈ پر پراجکٹ کریں ۔۔

TOPPOPULARRECENT