Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ’سیاست‘ انگریزی ہفت روزہ کا آج آغاز

’سیاست‘ انگریزی ہفت روزہ کا آج آغاز

نئی نسل کی ضروریات کی تکمیل کیلئے ٹھوس قدم،جناب محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر رسم اجراء انجام دیں گے
حیدرآباد ۔ /14 اکٹوبر (سیاست نیوز) عصر حاضر کے تقاضوں کو پورا کرنے اور ہر شخص تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے ادارہ ’سیاست‘ نے انگریزی میں ہفت روزہ کی اشاعت کا فیصلہ کیا ہے جس کا رسم اجراء آج/15  اکٹوبر کو شام 5:30 بجے محبوب حسین جگر ہال احاطہ ’سیاست‘ میں عمل میں آئے گا ۔ ادارہ سیاست انگریزی زبان میں ہفت روزہ کی اشاعت کے ذریعہ نسل نو کے مسائل اور ان کی ضروریات کی تکمیل کے لئے ایک نئے سفر کا آغاز کرنے جارہا ہے جس میں ذمہ داران ’سیاست‘ کو اس بات کا یقین کامل ہے کہ گزشتہ 67 سالوں سے جس طرح قارئین ادارہ سے اٹوٹ وابستگی اختیار کئے ہوئے ہیں اسی طرح انگریزی ہفت روزہ کی بھی پذیرائی کریں گے ۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کے ہاتھوں سیاست انگریزی ہفت روزہ کا رسم اجراء عمل میں آئے گا ۔ اس تقریب میں دیگر معززین بھی موجود رہیں گے ۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ ’سیاست‘ نے بتایا کہ ادارہ سیاست کی بنیاد شہر حیدرآباد کے علاوہ سابق ریاست حیدرآباد کے شہروں میں رہنے والے عوام کے درمیان پیدا شدہ بے چینی و تنفر کو دور کرنے اور ان میں حوصلہ پیدا کرنے کیلئے ڈالی گئی تھی ۔ اس بنیادی مقصد کو پورا کرنے میں آج بھی سیاست دیگر ذرائع ابلاغ اداروں کے مقابلہ میں منفرد مقام رکھتا ہے ۔ جناب زاہد علی خان نے بانی سیاست عابد علی خان مرحوم اور محبوب حسین جگر مرحوم کی دوراندیشی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ذمہ داران نے جو قدم 1949 ء میں اٹھایا اس کے ثمر آور نتائج برآمد ہوئے اور آج وقت کی اہم ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سیاست کی جانب سے انگریزی ہفت روزہ شروع کیا جائے ۔ اس ہفت روزہ کی اشاعت کا مقصد سماج کے ہر گوشے تک رسائی کو یقینی بنانا اور ان کے مسائل کو پیش کرتے ہوئے رائے عامہ ہموار کرتے ہوئے مسائل کے حل کی جانب توجہ مبذول کروانا ہے ۔ ادارہ سیاست نے ہمیشہ ہی عصری ٹکنالوجی کے استعمال کو ترجیح دیتے ہوئے اُردو زبان کو ٹکنالوجی سے مربوط کرنے میں اہم کردار ادا کی جس کی مثال اخبار سیاست کی ویب سائیٹ اور اُردو دنیا کے اخبارات میں پہلا اُردو ای پیپر شروع کرنا ہے ۔ /15 اکٹوبر بروز جمعرات شروع کیا جانے والے انگریزی ہفت روزہ سیاست /16 اکٹوبر جمعہ سے چار ہفتوں تک قارئین ’سیاست‘ کیلئے مفت دستیاب رہے گا اور ہر ہفتہ اس کی بہ پابندی اشاعت کے ذریعہ قارئین کو سیاسی مسائل و حالات ، عوامی مسائل اور ان کے حل ، تفریح بذریعہ فلمی خبریں ، کھیل کود ، کیرئیر گائیڈنس ، قومی و بین الاقوامی سلگتے موضوعات پر تبصرے حاصل ہوتے رہیں گے ۔ اس کے علاوہ ہفت روزہ ’سیاست ‘میں صحت ، فیشن اور تحقیقی خبروں پر تبصرے بھی شامل رہیں گے جو کہ قارئین کیلئے دلچسپی اور حقائق سے آگہی کا باعث بننے کی قوی امید ہے ۔

TOPPOPULARRECENT