Thursday , September 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / …: سیاست مسلم امپاورمنٹ تحریک :…

…: سیاست مسلم امپاورمنٹ تحریک :…

تقررات سے پہلے تحفظات انصاف کا تقاضہ، حکومت پر دباؤ میں اضافہ
مسلمانوں کی ترقی کے خواہشمندوں کی مختلف مقامات پر عہدیداروں اور قائدین کو یادداشت، مہم میں اسکول کے طلبہ بھی شامل

نرمل۔/16ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ میں 12فیصد تحفظات کیلئے جاری تحریک اب اسکول سے بھی شروع ہوچکی ہے۔ آج حرا ماڈل ہائی اسکول کے طلبہ کی یونین نے اپنی یونین کے صدر محمد توفیق کے ہمراہ آر ڈی او آفس پہنچ کر 12فیصد تحفظات کے ضمن میں ایک یادداشت آفس کے سپرنٹنڈنٹ کے حوالہ کی جبکہ آر ڈی او کسی سرکاری دورہ پر تھے۔ بعد ازاں یہی طلباء محمدیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی نرمل اور حرا ماڈل اسکول اسٹاف ادریس، راشد، خواجہ بیگ، سراج الدین کے ہمراہ علحدہ یادداشت پیش کرتے ہوئے تحفظات کی مانگ کی ہے۔
شاد نگر۔/16ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدینہ مسجد و مدرسہ عربیہ و آر ٹی سی کالونی شاد نگر صدر سید مصلح الدین کی قیادت میں تحصیلدار فرخنگر منڈل شاد نگر بی چندر راؤ سے تحصیل آفس میں ملاقات کرتے ہوئے مسلم اقلیتوں کو 12فیصد تحفظات فراہمی کے ضمن میں ایک تحریری یادداشت حوالے کی۔ سید مصلح الدین نے فرخنگر منڈل تحصیلدار بی چندر راؤ کو یادداشت کی فراہمی کے موقع پر کہا کہ تلنگانہ حکومت نے مسلم اقلیتوں کو 12فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، مسلمانوں کے ساتھ کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے کا تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا۔ وعدہ کی تکمیل تلنگانہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات بی سی کمیشن کے ذریعہ فراہم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ سکریٹری مدینہ مسجد ایم اے عزیز نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں مسلم اقلیتوں کو 12فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے بارہا اعلانات کئے۔ انتخابی مہم کے دوران کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس پارٹی اقتدار میں آتے ہی چار ماہ کے اندر مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کا تیقن دیا تھا۔ مسلمانوں کے ساتھ کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے کا تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا۔

تلنگانہ حکومت مختلف محکمہ جات میں ملازمتوں کی فراہمی کیلئے اعلامیہ کی اجرائی کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ اگر مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی سے قبل اعلامیہ کی اجرائی عمل میں آئے گی تو مسلمانوں کو ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑیگا۔ تلنگانہ حکومت تحفظات کے ضمن میں فوری اپنی توجہ مبذول کرتے ہوئے مسلمانوں میں پھیلی ہوئی بے چینی کو دور کرنے کیلئے ٹھوس و عملی اقدامات کرتے ہوئے 12فیصد تحفظات بی سی کمیشن کے ذریعہ فراہم کرنے کے اقدامات کرنے کاحکومت سے مطالبہ کیا۔ ٹی آر ایس پارٹی تلنگانہ ریاست میں اقتدار حاصل کرکے قریب 15ماہ کا عرصہ ہوا ہے اس کے باوجود مسلم اقلیتوں کو ریزرویشن کا موقف واضح نہ ہونے کی وجہ سے مسلمانوں میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنہرے تلنگانہ کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ فوری اس جانب اپنی توجہ مبذول کرتے ہوئے جلد از جلد 12فیصد مسلم ریزرویشن بی سی کمیشن کے ذریعہ فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ مسلم تحفظات میں تاخیر کی وجہ سے مسلمانوں میں بے چینی پائی جارہی ہے۔ خواجہ شبیر علی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت سے بلاکسی تاخیر کے اسمبلی و پارلیمنٹ میں بی سی کمیشن کے متعلق منظوری حاصل کرتے ہوئے 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کے عمل کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ سدھیر کمیشن کی رپورٹ سے مسلمانوں کے تحفظات کا مسئلہ حل ہونے والا نہیں ہے لہذا تلنگانہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے 12فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کیلئے بی سی کمیشن قائم کرتے ہوئے تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر خواجہ شبیر علی، ایم اے عزیز، سید مسعود، محمد فیروز، عبدالعزیز، محمد جہانگیر اور دیگر موجود تھے۔
آرمور۔/16ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سیاست نے 12فیصد تحفظات کے تعلق سے عوامی شعور بیدار کرنے اور حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے جو قدم اٹھایا ہے اس کیلئے تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم آرمور کی جانب سے مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔ تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم ارمور ڈیویژن کے ذمہ داروں نے  آرمور تحصیلدار دفتر پر تحصیلدار سریدھر کو ایک یادداشت پیش کی اور اسے تلنگانہ حکومت کے سربراہ تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم آرمور ڈیویژن کے قائدین سید ظفر علی، حسین جابری، محمد شاذ، محمد حنیف علی کے علاوہ محمد لئیق اور دیگر موجود تھے۔

محبوب نگر ۔ /16ستمبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب محمد بشیر الدین نائب صدر الحمد للہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی محبوب نگر و عہدیداران و اراکین سوسائٹی نے مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کیلئے روز نامہ سیاست کی جانب سے شروع کی گئی مہم کا زبردست خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے نمائندہ سیاست محبوب نگر کو بتایا کہ اگرچیکہ سیاسی قائدین اور مسلم تنظیمیں تحفظات کیلئے مہم چلارہے ہیں لیکن روز نامہ سیاست کی جانب سے مہم شروع کئے جانے کے بعد مسلم نوجوانوں میں ایک نیا جوش اور ولولہ دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ روز نامہ سیاست صرف ایک اخبار نہیں بلکہ جناب زاہد علی خاں صاحب ایڈیٹر ’سیاست‘ کی قیادت میں ہر مشکل موقع پر منصوبہ بندی کرتے ہوئے مسلمانوں کی رہبری کرتا رہا ہے۔ سرکاری ملازمتوں میں تقررات کیلئے مسلم نوجوانوں کو تربیت سے لے کر مسابقتی امتحانات کیلئے ان کو ذہنی طور پر تیار کرتے ہوئے احساس کمتری کے سے باہر نکالنے میں سیاست اور اس کے مدیران نے کافی اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم نوجوانان، شہر کی تنظیموں کے نمائندوں اور معززین شہر ’سیاست‘ کی اس تحریک کا حصہ بننے کیلئے ایک اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT