Wednesday , October 18 2017
Home / Top Stories / سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی امدادی سرگرمیاں

سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی امدادی سرگرمیاں

بہار سیلاب متاثرین کیلئے 17 ٹن امدادی سامان سے لدا ٹرک روانہ
سیمانچل کے متاثرہ علاقوں میں اسکول اور فنی کورسس کا مرکز قائم کرنے کا بھی منصوبہ
حیدرآباد ۔ /6 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد فرخندہ بنیاد اور اس کے دامن میں بسنے والوں کی خاص بات یہ ہے کہ اللہ عز و جل نے انہیں جذبہ خدمت خلق ، رحمدلی ، ایثار و قربانی ، اور ضرورت مندوں کی ہر طرح سے مدد کی خوبیوں سے نوازا ہے ۔ صرف ہندوستان ہی نہیں دنیا کے کسی بھی حصہ میں کمزوروں اور مظلوموں پر ظلم ہوتا ہے یا پھر آفات سماوی میں انسانی جانوں کا اتلاف ہوتا ہے تو تاریخی شہر کے لوگ ان مصیبت زدوں کی مدد کیلئے بے چین ہوجاتے ہیں ۔ اس معاملہ میں روزنامہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کے رول کے بارے میں ساری دنیا جانتی ہے ۔ حالیہ عرصہ میں بہار میں سیلاب نے زبردست تباہی مچائی ۔ ہزاروں افراد سیلاب کی نذر ہوگئے ۔ عمارتیں بنیادوں سے اکھڑ گیئں اور کچے مکانات کا تو وجود ہی باقی نہیں رہا ۔ خاص طور پر سیمانچل ، کشن باغ کے علاقے شدید متاثر ہوئے۔ سیلاب کے نتیجہ میں جہاں جانی و مالی نقصانات ہوئے وہیں لوگ گھروں سے محروم ہوگئے ۔ کھانے کو ترسنے لگے ، ان کے جسموں کو ڈھانکنے کپڑے تک نہیں تھے ۔ ایسے میں سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے پہلے مرحلہ کے تحت فوری طور پر 5 لاکھ روپئے مالیتی ساز و سامان اور ادویات روانہ کئے ۔ منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں نے بہار کے ان متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جس کے بعد ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد فرخندہ بنیاد کے ہمدرد عوام سے بہار سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کی اپیل کی ۔

جس کے باعث لوگوں نے دل کھول کر مدد کی ۔ چنانچہ /5 اکٹوبر کی رات 11 بجے دفتر سیاست سے 17 ٹن سامان پر مشتمل ایک ٹرک بہار کیلئے روانہ کیا گیا ۔ اس موقع پر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اور جناب فاروق حسین ایم ایل سی ٹی آر ایس دیگر موجود تھے ۔ خوشی اور اطمینان کی بات یہ رہی کہ ایڈیٹر سیاست کی اپیل اور اخبار سیاست میں متاثرین سیلاب سے متعلق خبروں و اشتہار کی اشاعت کا اثر یہ ہوا کہ شہر کے ہندو تاجرین پارچہ نے بھی ان متاثرین کی بھرپور مدد کی ۔ ہمدردانہ ملت نے چاول ، غیرمستعملہ ملبوسات ، بلینکٹس ، ضروریات زندگی کے دیگر سامان ادویات وغیرہ کی شکل میں اپنے مصیبت زدہ بھائیوں بہنوں کیلئے عطیات پیش کئے ۔ شہر کے تاجران پارچہ نے اپنے ناموں کو ظاہر نہ کرنے کی شرط پر زنانہ ، مردانہ ، بچکانہ ملبوسات کے یہاں تک کہ لباس عروسی کے درجنوں کارٹونس بطور عطیہ پیش کیا ۔ واضح رہے کہ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے بہار کے اس پسماندہ علاقہ میں ایک اسکول اور خواتین کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے والے کورسس کا تربیتی سنٹر کھولنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ امید ہے کہ اس پراجکٹ پر عنقریب عمل آوری شروع کردی جائیگی ۔ بہار میں سیلاب سے ایک کروڑ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں ۔ کئی علاقوں میں سڑکیں بہہ گیئں تھیں واضح رہے کہ اگست 2016 میں بھی سیاست ملت فنڈ نے سیلاب متاثرین کیلئے ایک ٹرک بھرکر امدادی سامان روانہ کیا تھا ۔ گزشتہ سال سیاست اور فیض عام ٹرسٹ نے بہار کی غریب خواتین اور طالبات کو فنی کورسس کی تربیت کی فراہمی کیلئے ایک خصوصی ٹیم روانہ کی تھی ۔ اس وقت کی طرح اس مرتبہ بھی بہار کے حلقہ اسمبلی کوچہ دامان کے ایم ایل اے مجاہد عالم کا تعاون حاصل ہے ۔

TOPPOPULARRECENT