Monday , August 21 2017
Home / سیاسیات / سیاست میں چالاکی ہمیشہ کام نہیں دیتی : شیوسینا

سیاست میں چالاکی ہمیشہ کام نہیں دیتی : شیوسینا

ممبئی 10 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایسے وقت میں جبکہ بی جے پی بہار اسمبلی انتخابات کی شکست سے خود کو باہر نکالنے کی کوشش کر رہی ہے اس کی حلیف شیوسینا نے پارٹی پر ایک بار پھر تنقید کی ہے ۔ سینا نے کہا کہ انتخابات میں ہمیشہ چالاکی اور مکاری کام نہیں آتی ۔ عوام سے جو وعدے کئے جاتے ہیں اگر انہیں پورا نہیں کیا گیا تو عا م آدمی اس کا مناسب جواب دے گا ۔ شیوسینا کے ترجمان اخبار سامنا کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ کئی مرتبہ ایک لہر آتی ہے اور چلی جاتی ہے ۔ یہ حقیقت ہے کہ بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات میں زبردست کامیابی ملی تھی لیکن اس کا سہرا سونیا گاندھی کی کمزور اور غیر موثر قیادت کو جاتا ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ اس وقت میدان میں کوئی طاقتور پہلوان موجود نہیں تھا اور ایسے میں بی جے پی باہوبلی کے طور پر ابھری ہے ۔ بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کے قائدین عظیم ہیں اور وہ کوئی غلطی نہیں کرسکتے ۔ جو کچھ وہ کہتے ہیں اسے صحیح سمجھا جانا چاہئے ۔ تاہم اداریہ میں کہا گیا ہے کہ سیاست میں چالاکی اور مکاری ہمیشہ کام نہیں دیتی۔  شیوسینا ‘ مہاراشٹرا میں بی جے پی کے ساتھ اقتدار میں شریک ہے لیکن حالیہ وقتوں میں اس کے پارٹی کے ساتھ اختلافات منظر عام پر آگئے ہیں اور وہ مسلسل بی جے پی پر تنقیدیں کر رہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT