Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / سیاست و ایم ڈی ایف رشتوں کا دوبدو پروگرام بیرون ملک وسعت

سیاست و ایم ڈی ایف رشتوں کا دوبدو پروگرام بیرون ملک وسعت

شادی بیاہ میں فضول خرچی کو ختم کرنے شعور بیداری پر زور ، ایم ڈی ایف کی عید ملاپ تقریب ، جناب عابد صدیقی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جولائی : ( دکن نیوز ) : مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم (ایم ڈی ایف ) کے زیر اہتمام آج شام محبوب حسین جگر ہال احاطہ روزنامہ سیاست میں مجلس عاملہ کا اجلاس اور جلسہ عید ملاپ منعقد ہوا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے صدارت کی ۔ انہوں نے ارکان کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی ایف کی سرگرمیوں اور بالخصوص دو بہ دو ملاقات پروگرام کی شہرت نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک میں بھی پھیل چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کا ہر کام ایثار و قربانی اور باہمی تعاون و اشتراک کا متقاضی ہے ۔ جناب عابد صدیقی نے ارکان سے اپیل کی کہ وہ سیاست اور ایم ڈی ایف کے پروگراموں کی کامیابی کے لیے اپنا بھر پور حصہ ادا کریں ۔ ڈاکٹر ناظم علی نے کہا کہ مسلم معاشرہ میں جہیز کی لعنت اور شادی بیاہ میں غیر معمولی فضول خرچی کو ختم کرنے کے لیے مسلم رائے عامہ کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر سیادت علی نے کہا کہ جناب زاہد علی خاں اور جناب ظہیر الدین علی خاں کی کوششوں سے مسلمانوں میں بڑی حد تک تبدیلی آئی ہے اور امید ہے کہ آئندہ چند برسوں میں ہمارا معاشرہ ان برائیوں سے پاک ہوگا ۔ جناب ایم اے واحد نے عید ملاپ پروگرام کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال سے اس طرح کے پروگراموں میں غیر مسلم اصحاب و خواتین کو بھی مدعو کیا جانا چاہئے ۔ ڈاکٹر ایوب حیدری نے خواتین کے شعبہ کو زیادہ مستحکم کرنے پر زور دیا ۔ محمد فرید الدین نے کہا کہ ملت کے ہرکاز کو کامیاب کرنے کے دوران باہمی اختلافات رونما ہوسکتے ہیں ۔ لیکن ان سب سے بے نیاز ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ محترمہ خدیجہ سلطانہ نے جناب عابد صدیقی کی قیادت و رہنمائی کو ایم ڈی ایف کے فال نیک قرار دیا انہوں نے جناب ایم اے قدیر کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے صدر فورم کی غیر موجودگی میں ان کے مشن کو جاری رکھا ۔ جناب اے اے کے امین نے کہا کہ کسی بھی تحریک کے نتائج بتدیج ظاہر ہوتے ہیں اس لیے ہم کو پورے جوش و خروش کے ساتھ اپنی ملی خدمات کو جاری رکھنا ہوگا ۔ جناب صالح بن عبداللہ باحاذق نے ایم ڈی ایف کے ارکان کی تعداد میں اضافہ کو ناگزیر قرار دیا ۔ جلسہ کا آغاز قرات کلام پاک سے ہوا اور احمد صدیقی مکیش آرگنائزنگ سکریٹری کے شکریہ پر اختتام عمل میں آیا ۔ اس تقریب میں ایم اے قدیر ، ڈاکٹر سید غوث الدین ، ایم اے حمید ، محمد احمد ، محمد نصر اللہ خاں ، محمد برکت علی ، فہیم انصاری ، مسیح الدین لئیق ، ڈاکٹر دردانہ ، رئیس النساء ، شبانہ نعیم ، ثناء ، لطیف النساء ، تحسین کے علاوہ اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن کی شرخورمہ سے تمام کی تواضح کی گئی ۔۔

TOPPOPULARRECENT