Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / سیاست و ایم ڈی ایف کا آج ٹولی چوکی میں رشتوں کا دوبدو پروگرام

سیاست و ایم ڈی ایف کا آج ٹولی چوکی میں رشتوں کا دوبدو پروگرام

جناب اسمعیل علی خان و محمد معین الدین مہمانان خصوصی، جناب زاہد علی خان صدارت کرینگے

حیدرآباد ۔ 12 ستمبر (دکن نیوز) ادارہ سیاست و مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیراہتمام فکرمند مسلم والدین اور سرپرستوں کیلئے 47 واں دوبدو ملاقات پروگرام اتوار 13 ستمبر کو صبح 10 تا 4 بجے شام، ایس اے ایمپیریئل گارڈن ٹولی چوکی روڈ میں منعقد ہوگا۔ لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کے سلسلہ میں والدین و سرپرستوں کیلئے باہمی مشاورت کے ذریعہ موزوں اور مناسب رشتے طئے کرنے کی خاطر اس پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے، جس میں لڑکوں و لڑکیوں کے سینکڑوں رشتے دستیاب رہیں گے۔ اس سلسلہ میں جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف کی زیرنگرانی تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ پروگرام کیلئے صبح 10 بجے سے ہی نئے رجسٹریشن کا آغاز ہوگا۔ لڑکوں اور لڑکیوں کے رجسٹریشن کاونٹرس علحدہ علحدہ بنائے گئے ہیں۔ جہاں رجسٹریشن کے بعد رجسٹریشن کارڈس اور ربن دیئے جائیں گے۔ لڑکوں کے والدین پیلے ربن اور لڑکیوں کے والدین کیلئے سبز ربن دیئے جائیں گے۔ تاہم جو والدین و سرپرست پہلے ہی رجسٹریشن کرواچکے ہیں انہیں رجسٹریشن کارڈ ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس بھی ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کیلئے اپنے ہمراہ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ کارڈ بتانے پر رجسٹریشن کاونٹرس سے متعلق ربن حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انجینئرنگ اور گریجویٹس کیلئے مین ہال میں کونسلنگ کا انتظام کیا گیا ہے جہاں اسکرین نصب کیا جائے گا جس پر لڑکوں کے تصاویر کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ پوسٹ گریجویٹس، انٹرمیڈیٹ، ووکیشنل، ایس ایس سی، حافظ، عالم و فاضل، میڈیسن، فارمیسی اور عقدثانی کے علحدہ علحدہ کیبن ہوں گے۔ والدین اپنی ضرورت کے مطابق ان کیبنس میں موجود کونسلرس سے شخصی طور پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ کونسلرس کے علاوہ والینٹرس ان کی رہنمائی کریں گے۔ اس بارے میں وسیع انتظامات کئے جارہے ہیں۔ لڑکوں اور لڑکیوں کے والدین کے درمیان باہمی مشاورت کیلئے راونڈ ٹیبل لگائے جائیں گے جہاں وہ سازگار ماحول میں رشتے طئے کرنے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کرسکیں گے۔ زاہد فاروقی کی زیرنگرانی 10 کمپیوٹرس پر مشتمل ’’کمپیوٹر سیکشن‘‘ قائم کیا جارہا ہے تاکہ والدین کو کمپیوٹرس اسکرین پر پیامات کی تفصیل اور فوٹوز کا مشاہدہ کرنے کی سہولت حاصل ہوسکے۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ ایم ڈی ایف دوبدو ملاقات پروگرام کے جلسہ کی صدارت کریں گے۔ جناب اسمعیل علی خان صدرنشین الیکٹریسٹی ریگولیٹری بورڈ حکومت تلنگانہ، جناب محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز مہمان خصوصی ہوں گے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیرمقدم اور تعارف کروائیں گے۔ اس جلسہ میں علماء کرام اور مسلم قائدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ پروگرام کے ذریعہ نہ صرف رشتے طئے کرنے کا سنہری موقع فراہم کرنا ہے بلکہ جہیز، لین دین اور شادیوں میں رائج غیراسلامی رسومات کو ختم کرنے کیلئے مسلم رائے عامہ میں شعور بیدار کرنا بھی ہے۔ اب تک منعقدہ 46 دوبدو ملاقات پروگرام کے ذریعہ سینکڑوں کی تعداد میں رشتے طئے پا چکے ہیں۔ سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے تین دوبدو ملاقات پروگرام شیعہ برادری کیلئے بھی رکھے گئے جن میں 40 سے زائد رشتے طئے کئے گئے۔ حیدرآباد کے علاوہ ورنگل، کریم نگر اور محبوب نگر میں بھی دوبدو ملاقات پروگرام کا اہتمام کیا گیاتھا، جس کے نہایت حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے۔ ایم ڈی ایف کے دفتر احاطہ روزنامہ سیاست پر روزانہ 70 تا 80 والدین لڑکوں اور لڑکیوں کے پیامات ملاحظہ کرکے اپنی من پسند کے رشتوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس خدمت کیلئے کوئی فیس نہیں لی جاتی بلکہ اس کا مقصد خوشنودیٔ رب ہے۔ دوبدو ملاقات پروگرام کی مقبولیت ملک گیر حیثیت اختیار کرتی جارہی ہے، جس کیلئے دوسرے ریاستوں میں بھی منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اس بار پروگرام عیدالاضحی سے قبل منعقد کیا جارہا ہے کیونکہ اکثر والدین کا یہ اصرار تھا کہ عیدالاضحی کے موقع پر بیرونی ممالک سے کئی لڑکے حیدرآباد آتے ہیں اور پیامات طئے ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ والدین کی فرمائش پر اس بار یہ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے جس میں نہ صرف شہر حیدرآباد و سکندرآباد بلکہ اضلاع و بیرونی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے والدین و سرپرست بھی شریک ہوں گے۔ ایم اے قدیر، اقبال احمد خان، ڈاکٹر ایوب حیدری (نائب صدور)، محمد تاج الدین، میر انورالدین، سید الیاس باشاہ، محمد شاہد حسینی، محمد برکت علی، محمد سرور، محمد فریدالدین، ڈاکٹر دردانہ، عابدہ بیگم، خدیجہ سلطانہ، احمد صدیقی مکیش، محمد نصراللہ خان، سید اصغر حسین، صالح بن عبداللہ باحامق، اے اے کے امین، سید ناظم الدین، محمد احمد، ایم اے واحد، محمد عبدالصمد خان اور ایم ڈی ایف کے دیگر عہدیدار و اراکین نے والدین و سرپرستوں سے اپیل کی ہیکہ وہ اس خصوص اور اہم ترین پروگرام میں لازمی طور پر شرکت کرکے اپنے لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کیلئے رشتوں کا انتخاب کریں۔ مزید تفصیلات کیلئے ایم اے قدیر نائب صدر ایم ڈی ایف سے فون نمبر 9394801526 پر ربط کریں۔

TOPPOPULARRECENT