Saturday , August 19 2017
Home / سیاسیات / سیاسی اغراض کیلئے میری اہلیہ کو پھانسا جارہا ہے

سیاسی اغراض کیلئے میری اہلیہ کو پھانسا جارہا ہے

دہلی پولیس پر مرکز کی ایماء پر کام کرنے کا الزام :سومناتھ بھارتی
نئی دہلی۔ 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی نے آج کہا کہ ان کی اہلیہ لپیکا مترا کو حریف جماعتیں اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہیں اور ان کی سادہ لوحی کا غلط فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔ لپیکا مترا نے سومناتھ بھارتی کے خلاف گھریلو تشدد اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ سومناتھ بھارتی نے دہلی پولیس پر مرکز کی ایماء پر کام کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ تحقیقات میں مدد کی ان کی پیشکش پر پولیس کوئی جواب نہیں دے رہی ہے، اس کے برعکس تحویل میں لے کر انہیں اذیت پہونچانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ازدواجی معاملہ ہے لیکن لپیکا کو سیاسی مقصد براری کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ سیاسی جماعتوں نے میرے خلاف محاصرہ تنگ کردیا ہے اور پارٹی (عآپ) کو نقصان پہونچانا چاہتی ہے۔ اس کے لئے میری اہلیہ کی معصومیت اور سادہ لوحی کا غلط فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔ انہوں نے تمام منسوبہ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ہر الزام کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ دہلی ہائیکورٹ کی جانب سے گرفتاری کے سلسلے میں دو دن کی راحت ملنے کے چند گھنٹے کے بعد سومناتھ بھارتی منظر عام پر آئے اور انہیں دوارکا نارتھ پولیس اسٹیشن پر ان کے کتے کے ساتھ دیکھا گیا۔

TOPPOPULARRECENT