Thursday , August 24 2017
Home / Top Stories / سیاسی مقصد کے لئے مسلم اتحاد کا شوشہ

سیاسی مقصد کے لئے مسلم اتحاد کا شوشہ

بی جے پی کی سازش سے چوکس رہنے یحییٰ بخاری کا مشورہ
نئی دہلی۔/7جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) جامع مسجد یونائٹیڈ فورم کے صدر سید یحییٰ بخاری نے کہا کہ آج جو لوگ قوم کو متحد کرنے کی بات کررہے ہیں ان کا ماضی اگر دیکھیں تو ان میں کئی لوگ ایسے ہیں جو ماضی میں فرقہ پرست پارٹی کو حمایت دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔ اب اگر اسد الدین اویسی اس اتحاد میں شامل ہونے کی بات کرتے ہیں تو ان کا سیاسی مقصد ہے کیونکہ یو پی میں اگلے سال الیکشن ہونے والے ہیں لیکن اعظم خاں چونکہ سماج وادی پارٹی سے وابستہ ہیں تو وہ کیوں اس اتحاد میں شامل ہوں گے، وہ اپنی سیاسی زندگی کیوں خراب کریں گے؟ ۔ قوم کو متحد کرنے کی بات اگر مرحوم شاہی امام مولانا سید عبداللہ بخاری جیسی شخصیت کرتی تو بات سمجھ میں آتی مگر آج کوئی ایسی شخصیت نظر نہیں آتی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سیاسی جماعتیں خود چل کر حمایت کی اپیل کرنے آتی تھیں مگر آج کچھ لوگ بھیک کا کٹورہ لے کر سیاسی جماعتوں کے دروازے پر کھڑے ہیں۔ ایسے لوگ جو راجیہ سبھا وغیرہ کی خواہش رکھتے ہیں وہ قوم کا بھلا کیسے کرسکتے ہیں۔ سید یحییٰ بخاری نے اہم سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر مان بھی لیا جائے کہ سبھی متحد ہوجائیں تو کیا اس سے مسلمانوں کو فائدہ ہوگا؟۔ انہوں نے کہا کہ ہرگز اس اتحاد سے مسلمانو ں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ نقصان ہی ہوگا اور اس کے برعکس فرقہ پرست متحد ہوجائیں گے۔ تاہم اس شبہ سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے کہ اس اتحاد کے پس پشت بی جے پی کارفرما ہو۔ انہوں نے کہا کہ آخر جب اتر پردیش کا الیکشن آتا ہے تو اسی وقت اتحاد کا شوشہ کیوں چھیڑا جاتا ہے۔ کیا دوسرے صوبوں میں مسلمان نہیں رہتے؟ ۔ حال ہی میں پانچ ریاستوں میں انتخابات ہوئے ہیں اور تب یہ اتحاد کیوں یاد نہیں آیا۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو اور آر جے ڈی سربراہ لالو یادو نے راجیہ سبھا میں کسی مسلمان کو نمائندگی نہیں دی جبکہ یہ لوگ مسلمانوں کی سیاست کرتے آئے ہیں مگر مسلمانوں کو نمائندگی دینے کو کوئی تیار نہیں ہے۔ سید یحییٰ بخاری نے مزید کہا کہ ایک ایسی لیڈر ہے جسے میں سلام کرتا ہوں اور وہ ممتا بنرجی ہیں جنہوں نے مسلمانوں کو برابر کی نمائندگی دی۔ اتحاد کرنے کی کوشش اگر آسام میں کی جاتی تو وہاں کبھی بھی بی جے پی برسر اقتدار نہیں آتی۔

TOPPOPULARRECENT