Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / سیریز سے انکار پر ہندوستان کو 60ملین ڈالر کی نوٹس

سیریز سے انکار پر ہندوستان کو 60ملین ڈالر کی نوٹس

لاہور۔4 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے معاہدے کی خلاف ورزی پر آئی سی سی کی تنازعات کے حل کیلئے قائم کمیٹی کے تحت ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو نوٹس روانہ کرتے ہوئے 60 ملین ڈالر ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہندوستان نے فوچر ٹور پروگرام کے تحت 2014 تا 2013 کے درمیان سیریز کھیلنے کیلئے معاہدے کی یادداشت پر دستخط کئے تھے اور سیریز نہ کھیل کر ہندوستان نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہندوستان کے سیریز نہ کھیلنے کی صورت میں ہونے والے نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ پاکستان نے سیریز نہ کھیلنے کی صورت میں ہونے والے نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو تقریباً 60 ملین ڈالر بنتا ہے۔اس سے قبل پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے آئی سی سی کے اجلاس سے واپسی کے بعد کہا کہ ہندوستان کے خلاف مقدمے میں پاکستان کا موقف مضبوط ہے اور مقدمے کی پیروی کیلئے پاکستان پوری طرح تیار ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ہندوستانی بورڈ کے درمیان ایک معاہدے کی یادداشت پر دستخط کئے گئے تھے جس کے تحت 2015 تا 2024 تک دونوں ملکوں کے درمیان چھ دوطرفہ سیریز کھیلی جانی تھی اور اس سلسلے کی پہلی سیریز کی میزبانی رواں سال پاکستان کو کرنی تھی۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 2007 میں ہندوستان میں کھیلی گئی کرکٹ سیریز کے بعد سے کوئی باقاعدہ مکمل کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی۔ ہندوستان کو اسکے بعد اگلی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنا تھا لیکن 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات کے ساتھ کرکٹ تعلقات بھی متاثر ہوئے اور اس کے بعد متعدد کوششوں کے باوجود کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی جا سکی۔ اس سلسلے میں 2012 میں اس وقت معمولی پیشرفت ہوئی تھی جب پاکستان نے دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ونڈے میچوں کی سیریز کیلئے ہندوستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد تعلقات میں کچھ بہتری آنی شروع ہوئی تھی۔ تاہم 2014 میں نریندرا مودی کی زیر قیادت ہندوستانی حکومت کے قیام کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہونا شروع ہو گئی اور ہندوستان دونوں ملکوں کے درمیان سرد تعلقات اور حکومتی کی جانب سے انکار کو بنیاد بنا کر سیریز کھیلنے سے مستقل انکار کرتا رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT