Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / سیزن میں 2 ڈے نائیٹ ٹسٹ مقابلوں کی مخالفت

سیزن میں 2 ڈے نائیٹ ٹسٹ مقابلوں کی مخالفت

سڈنی۔30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کرکٹ آسٹریلیا کے اگلے سیزن کے دوران دو ڈے اینڈ ٹسٹ میچوں کے انعقاد کی امیدوں کو دھکا لگا ہے جہاں پلیئرز اسوسی ایشن نے اسے ایک میچ تک محدود کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ابتدا میں تجویزد ی گئی تھی کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایڈیلیڈ میں نومبر میں ہونے والے ٹسٹ کو ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ کی شکل دی جائے جبک پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں ہونے والا سیریز کا افتتاحی میچ بھی ڈے اینڈ نائٹ ہو گا۔ جنوبی افریقی کھلاڑیوں اور حکام نے اب تک اس خیال کی مخالفت کی ہے تاہم پاکستان ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ کھیلنے کیلئے تیار ہے۔ آسٹریلین کرکٹرز اسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ایلسٹر نکولسن نے کہا کہ کھلاڑیوں کے گروپ کی جانب سے موصول ہونے والے جوابات میں ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ اس سے کھیل کی ترقی ہے لیکن فی الحال کھلاڑی 17-2016 کے سیزن میں صرف ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان تاریخ کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا تھا اور اس کم اسکور والے میچ میں میزبان ٹیم نے فتح حاصل کی تھی۔ تاہم میچ کے دوران کھلاڑیوں نے گلابی گیند کو کھیلنے میں مشکلات کی شکایت کی۔ نکولسن نے کہا کہ گلابی گیند کا ٹسٹ میچ بنیادی طور پر روایتی لال گیند کے ٹسٹ میچ سے مختلف ہوتا ہے اور ہمارے گیند کے رنگ، رات میں اس کے دکھنے کی صلاحیت، دن رات کے اوقات میں گیند کے مختلف رویوں اور وکٹوں کی تیاریوں کے حوالے سے تحفظات برقرار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT