Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / سینڈرس کو ہیلاری سے تین ریاستوں میں سخت مقابلہ

سینڈرس کو ہیلاری سے تین ریاستوں میں سخت مقابلہ

الاسکا ، ہوائی اور واشنگٹن میں پرزور مہم ، کلنٹن کی ٹرمپ اور کروز پر سخت تنقید
واشنگٹن ۔ 26 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لئے تین ریاستوں الاسکا ، ہوائی اور واشنگٹن میں ہفتہ کو مقرر ووٹنگ میں ہیلاری کلنٹن کی ان کے ماہر و تجربہ کار حریف برنی سینڈرس کے خلاف کسی اہم کامیابی کی توقع نہیں ۔ ان تین مغربی ریاستوں میں مورمنٹ کے سنیٹر سینڈرس کے امکانات روشن ہیں اور اغلب امکان ہے کہ خود کو جمہوریت پرست سوشلسٹ قرار دینے والے سینڈرس اپنی حریف ہیلاری کو حاصل بھاری سبقت کے باوجود اس مقابلے میں پیچھے چھوڑنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ واشنگٹن میں رائے دہی سے چند گھنٹوں قبل سینڈرس نے سیاٹل واشنگٹن میں اپنے حامیوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا جس میں انھوں نے پولیس مظالم ، انتہائی معمولی اقل ترین اجرت ، … کے بڑھتے ہوئے قرض اور دیگر مسائل کیلئے انتظامیہ کی مذمت کی ۔ سیاٹل کے بیس بال اسٹیڈیم میں خطاب کے دوران سینڈری نے کہا کہ ’’حقیقی تاریخی تبدیلی ہمیشہ ابتدائی سطح سے ہوئی جب عوام متحدہ طورپر آگے آئے ہیں‘‘ ۔

سینڈرس نے شرکاء کے پرجوش نعروں اور تالیوں کی گونج کے درمیان کہا کہ ’’ہمیں ایک سیاسی انقلاب کی ضرورت ہے ‘‘ لیکن سینڈرس اگر آج کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل بھی کرلیتے ہیں تو انھیں ہیلاری کلنٹن کو حاصل سبقت تک پہونچنے کیلئے اور بہت آگے بڑھنا ہوگا ۔ مندوبین کی دوڑ میں ہیلاری کلنٹن کو 1711 ووٹوں کے سینڈرس کے مقابلے بھاری سبقت حاصل ہے ۔ سینڈرس کو بشمول سوپر ڈیلیگیٹس 951 مندوبین کی تائید حاصل ہے ۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کی حیثیت سے نامزدگی جیتنے کے لئے 2,383 مندوبین کی تائید درکار ہوتی ہے ۔ اس طرح سابق وزیر خارجہ ہیلاری کلنٹن تاحال محصلہ اکثریت کے ساتھ اطمینان بخش موقف ہونے کے سبب نومبر کے عام انتخابات پر توجہ مرکوز کرچکی ہیں۔ ہیلاری نے چہارشنبہ کو بروسلز میں ہوئے دہشت گرد حملوں کے بعد دہشت گردی کے خلاف ایک تقریر کی اور موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریپبلکن حریفوں ڈونالڈ ٹرمپ اور ٹیڈکروز کو سخت ترین تنقید ی حملوں کا نشانہ بنایا ۔ ہیلاری نے کہا کہ اُن دونوں کی بے جہت اور ناعاقبت اندیش خارجی پالیسی ، امریکی مفادات کو نقصان پہونچاسکتی ہے ۔ ہیلاری کو حاصل بھاری سبقت کے باوجود سینڈرس ہمت نہیں ہارے ہیں اور بارہا مرتبہ یہ اصرار کرچکے ہیں کہ ان کی مہم کامیابی کے ساتھ جولائی کے دوران فیلاڈالفیا میں ہونے والے نامزدگی کے کنونشن کی سمت پیشقدمی کررہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT