Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / سینیگال میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل

سینیگال میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل

ڈکار۔ 18جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) سینیگال میں فٹبال میچ کے دوران تصادم کے سبب ہلاکتوں اور رواں ماہ ہونے والے انتخابات کے تناظر میں حکومت نے جولائی کے اختتام تک کسی بھی قسم کی کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کو موخر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔سینیگال میں 30 جولائی کو قانون ساز انتخابات منعقد کئے جائیں گے جس کے لئے سیاسی جماعتوں کے درمیان صورتحال کشیدہ ہے۔ سینیگال کے وزیراعظم کے ترجمان سیدو گوئے نے کہا ہے کہ ملک بھر میں انتخابی مہم کے دوران ہر قسم کی کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں پر پابندی لگادی گئی ہے۔واضح رہے کہ ہفتہ (15 جولائی) کو سینیگال کے دار الحکومت ڈکار میں اسٹاڈے ڈی بور اور یو ایس اوکام کے درمیان لیگ کپ کے فائنل کے دوران مخالف ٹیموں کے حامیوں میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں اسٹیڈیم کی ایک دیوار گرنے سے 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔واقعے کے بعد اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں 60 سے زائد تماشائی زخمی بھی ہوئے۔وزیراعظم کے ترجمان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کی عدالتی تحقیقاتکروائی جائے گی اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔دوسری جانب سینیگال کے صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہیں انسانی جانوں کے ضیاع پر نہایت افسوس ہے جبکہ انہوں نے ملک بھر کے اسٹیڈیم میں بہتر سیکیورٹی کی فراہمی اور واقعہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں کے لئے انصاف کی فراہمی کی بھی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔یاد رہے کہ براعظم افریقہ میں فٹبال کے مقابلوں کے دوران نا مناسب حفاظتی اقدامات کی وجہ سے تماشائی کے درمیان تصادم اور بھگدڑ کے واقعات عام ہیں۔رواں سال فروری میں افریقی ملک انگولا میں ایک میچ کے دوران بھگدڑ مچنے سے 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT