Saturday , October 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / سیکس ٹیپ مقدمہ: ہوگن کو مزید ڈھائی کروڑ ڈالر معاوضہ

سیکس ٹیپ مقدمہ: ہوگن کو مزید ڈھائی کروڑ ڈالر معاوضہ

فلوریڈا ، 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست فلوریڈا کی ایک عدالت نے سابق پیشہ ور ریسلر ہلک ہوگن کی سیکس ٹیپ جاری کرنے پر گوکر ویب سائٹ پر مزید ڈھائی کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ گزشتہ جمعہ کو اسی عدالت نے ویب سائٹ کو ہوگن کی رازداری کے حق کی خلاف ورزی کرنے کا قصوروار قرار دیا تھا اور اس کے عوض میں ویب سائٹ پر 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ لیکن فیصلے کے بعد ججوں نے اس کیس میں کمپنی کے خلاف مزید سخت اقدامات کرنے اور دوسروں کو ایسے معاملات میں عبرت دینے کی غرض سے اس پر اور سخت جرمانہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ عدالت کے پہلے فیصلے سے ہلک ہوگن مطمئن نہیں تھے اور اسے کمزور کرنے والا فیصلہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ہلک ہوگن کے وکلاء کا کہنا تھا کہ نیویارک کی ایک ویب سائٹ نے ان کی نجی زندگی میں مداخلت کی ہے اور یہ ویڈیو خبری اہمیت کی حامل نہیں تھی۔

ہلک ہوگن نے ایک سیکس ٹیپ شائع کرنے پر گوکر نامی ویب سائٹ پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا ہوا تھا۔ اس مقدمے کو آزادی صحافت اور معروف شخصیت کے نجی زندگی کے حق کے درمیان لڑائی کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔ یہ ویڈیو 2012ء میں جاری کی گئی تھی۔ اس ویڈیو میں ہلک ہوگن اپنے ایک دوست کی اہلیہ کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرتے پائے گئے جبکہ خفیہ طور پر اس عمل کی ریکارڈنگ کی گئی۔ ویب سائٹ گوکر کے وکلاء نے دلیل پیش کی کہ اگرچہ جج صاحبان ویب سائٹ کے عمل کو ناگوار سمجھ سکتے ہیں لیکن آزادی صحافت کے خیال کو قائم رکھنا زیادہ اہم ہے۔ ہلک ہوگن کے وکلاء کا کہنا تھا کہ گوکر نے ویڈیو شائع کرنے سے قبل ان کے مؤکل یا ویڈیو میں موجود خاتون سے رابطہ نہیں کیا تھا۔ واضح رہے کہ ہلک ہوگن نے 1980ء اور 1990ء کی دہائی پر مشتمل اپنے طویل کیریئر میں پروفیشنل ریسلر کے طور عالم گیر شہرت حاصل کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو کی وجہ سے ان کے کیریئر کو نقصان پہنچا ہے۔ وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے متعدد اعزازات اپنے نام کرچکے ہیں۔ گزشتہ سال ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) نے ریسلر ہلک ہوگن کی تعصب آمیز گفتگو پر مبنی ٹیپ منظرعام پر آنے کے بعد ان کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT