Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / سی ای او وقف بورڈ محمد اسد اللہ کی میعاد اکٹوبر تک برقرار

سی ای او وقف بورڈ محمد اسد اللہ کی میعاد اکٹوبر تک برقرار

حکومت سے وضاحت طلبی پر سکریٹری اقلیتی بہبود کی توثیق
حیدرآباد۔/26مئی، ( سیاست نیوز) حکومت نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ کی میعاد 27اکٹوبر 2016 تک برقراری کی توثیق کی ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری کی جانب سے وقف بورڈ کو مکتوب روانہ کیا گیا جس میں محمد اسد اللہ کی میعاد کے بارے میں وضاحت کی گئی۔ محمد اسد اللہ نے حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے میعاد کے بارے میں وضاحت طلب کی تھی۔ 22مارچ 2015کو جی او آر ٹی  60کے ذریعہ حکومت نے محمد اسد اللہ کو ایک سال کی مدت کیلئے چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ مقرر کیا تھا۔ بعد میں وقف بورڈ کی دونوں ریاستوں میں تقسیم عمل میں آئی جس کے بعد 28اکٹوبر 2015کو جی او ایم ایس 45جاری کرتے ہوئے محمد اسد اللہ کو ایک سال کی مدت تک چیف ایکزیکیٹو آفیسر مقرر کیا۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے پہلے جی او کے مطابق ایک سال کی تکمیل کے ساتھ ہی حکومت سے وضاحت طلب کی کہ ان کی میعاد پہلے جی او کے مطابق ہوگی یا پھر دوسرے جی او کے۔ وضاحت طلبی پر سکریٹری اقلیتی بہبود نے مکتوب روانہ کرتے ہوئے 27اکٹوبر 2016 تک برقراری کی توثیق کی ہے۔ اسی دوران سید عمر جلیل کو 6ماہ کی مدت کیلئے وقف بورڈ کے عہدیدار مجاز کی حیثیت سے تقرر کے بارے میں ’’ سیاست‘‘ کے انکشاف کے بعد عہدیداروں کو جی او ویب سائٹ پر پیش کرنے کیلئے مجبور ہونا پڑا۔ 24 مئی کو جاری کیا گیا خفیہ جی او آج صبح تک بھی ویب سائیٹ پر نہیں رکھا گیا اور ’سیاست‘ میں خبر کی اشاعت کے بعد دوپہر میں اسے ویب سائٹ پر شامل کردیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT