Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / سی بی آئی کو اشوک چاوان کے خلاف مقدمہ کی اجازت

سی بی آئی کو اشوک چاوان کے خلاف مقدمہ کی اجازت

گورنر مہاراشٹرا کا فیصلہ ۔ کابینہ کی سفارش قبول ۔ بی جے پی حکومت کی انتقامی کارروائی : کانگریس
ممبئی 4 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی کو آج سابق چیف منسٹر اشوک چاوان کے خلاف آدرش ہاوزنگ سوسائیٹی اسکام میں مقدمہ درج کرنے گورنر مہاراشٹرا سی ایچ ودیاساگر راؤ سے اجازت مل گئی ہے ۔ اس اقدام کو کانگریس نے ریاست میں بی جے پی کی جانب سے انتقامی کارروائی قرار دیا ہے ۔ آدرش سوسائیٹی اسکام ایک بار پھر مرکز توجہ بن گیا ہے اور چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے کانگریس کے اس المام کو مسترد کردیا کہ یہ انتقامی کارروائی ہے ۔ انہوں نے ریاستی کابینہ کی جانب سے قانونی کارروائی کی اجازت دئے جانے کی مدافعت کی اور کہا کہ اس کی گنجائش موجود ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے گورنر سے سفارش کی گئی تھی کہ سی بی آئی کو چاوان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 197 سازش کیلئے 120-B اور دھوکہ دہی کیلئے 420 کے تحت مقدمہ درج کرنے کی اجازت دی جائے ۔ چند دن قبل کی سفارش پر گورنر نے سی بی آئی کو قانونی کارروائی کی اجازت دیدی ہے ۔ 8 اکٹوبر 2015 کو سی بی آئی جوائنٹ ڈائرکٹر ممبئی نے چاوان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 197 کے تحت کارروائی کی اجازت طلب کی تھی اور کہا تھا کہ جو تازہ مواد دستیاب ہوا ہے اس کے تحت اس کی گنجائش موجود ہے ۔ گورنر کے دفتر کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر نے اس معاملہ میں مجلس وزارت سے مشورہ طلب کیا تھا اور کابینہ نے انہیں سی بی آئی کو اجازت دینے کی سفارش کی تھی ۔ چاوان فی الحال حلقہ لوک سبھا ناندیڑ کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کرتے ہیں اور مہاراشٹرا پردیش کانگریس کے صدر ہیں۔ انہیں 2010 میں آدرش سوسائیٹی اسکام کے منظر عام پر آنے کے بعد چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفی پیش کردینا پڑا تھا ۔ وہ ان 12 افراد میں شامل ہیں جن کے خلاف ایجنسی نے اس مقدمہ میں چارچ شیٹ پیش کی ہے ۔ کانگریس نے تاہم اس کو بی جے پی حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے اور کہا کہ فرنویس حکومت اپنے سیاسی مخالفین سے انتقام پر اتر آئی ہے ۔ کانگریس ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ یہ خالصتا انتقامی کارروائی ہے اور کانگریس پارٹی کو اس کے سینئر قائدین کے خلاف اس طرح کے جھوٹے فوجداری مقدمات سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ۔

TOPPOPULARRECENT