Wednesday , August 16 2017
Home / شہر کی خبریں / سی پی ایم پارٹی کے لیے ٹی ویرا بھدرم نقصان دہ

سی پی ایم پارٹی کے لیے ٹی ویرا بھدرم نقصان دہ

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر تنقید کا شاخسانہ ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد۔/13اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے قائد این نرسمہیا نے سی پی ایم کے ریاستی صدر ٹی ویرا بھدرم کی جانب سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر کی گئی تنقیدوں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ این نرسمہیا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سی پی ایم پارٹی کیلئے ویرا بھدرم نقصاندہ ہیں اور انہوں نے کبھی بھی عوامی مسائل پر توجہ نہیں دی۔ نرسمہیا نے سی پی ایم قائد کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے رویہ میں تبدیلی لائیں اور چیف منسٹر کے خلاف الزام تراشی بند کریں بصورت دیگر ٹی آر ایس کے کارکن خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے سی پی ایم کی جانب سے کسانوں کے مسائل پر شروع کی گئی یاترا کو بے فیض قرار دیا اور کہا کہ حکومت نے کسانوں کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کئے لیکن سی پی ایم سیاسی مقصد براری کیلئے حکومت کے خلاف یاترا نکال رہی ہے۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے کسان یاترا کے اہتمام کا الزام عائد کرتے ہوئے سی پی ایم قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کو عوام کی بھلائی میں تعمیری تجاویز پیش کریں۔ این نرسمہیا جو سابق میں اسمبلی میں سی پی ایم کے فلور لیڈر رہے اور تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے سی پی ایم کے ریاستی صدر کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس علاقہ میں پارٹی یاترا کررہی ہے وہاں کوئی عوامی تائید حاصل نہیں ہوئی۔ انہوں نے نئے اضلاع کی تشکیل پر سی پی ایم کی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ نئے اضلاع کی تشکیل سے فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بھلائی کیلئے نئے اضلاع کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سیاسی جماعتوں اور عوام سے تجاویز حاصل کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔ این نرسمہیا نے کہا کہ سی پی ایم کا تلنگانہ سے صفایا ہوچکا ہے اور حالیہ انتخابات میں کسی بھی مقام پر اس کے امیدواروں کی ضمانت نہیں بچی۔ انہوں نے کہا کہ ویرابھدرم کو چاہیئے کہ چیف منسٹر پر تنقید سے قبل اپنے مقام کا خود اندازہ کرلیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دلتوں، اقلیتوں اور کسانوں کے نام پر سی پی ایم پارٹی مگر مچھ کے آنسو بہارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT