Tuesday , August 22 2017
Home / سیاسیات / سی ڈبلیو سی اجلاس ، سونیا علیل ، راہول نے صدارت کی

سی ڈبلیو سی اجلاس ، سونیا علیل ، راہول نے صدارت کی

نئی دہلی ۔ 07 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی صحت ناساز ہونے کے سبب ان کے فرزند و نائب صدر کانگریس راہول نے اپنی پارٹی کے پالیسی ساز ادارہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے کلیدی اجلاس کی صدارت کی جس میں پارٹی کے نتظیمی انتخابات پر فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ راہول گاندھی اس اجلاس کی صدارت کررہے ہیں جس میں ان کی پارٹی کے سینئر ترین قائدین شرکت کررہے ہیں ۔ 46 سالہ راہول کو جنوری 2013 ء کے دوران جئے پور میں منعقدہ چنتن شیور میں کانگریس کا نائب صدر مقرر کیا گیا تھا ۔ راہول کی زیرصدارت سی ڈبلیو سی اجلاس میں سینئر قائدین منموہن سنگھ ، پی چدمبرم ، غلام نبی آزاد ، جناردھن دیویدی ، احمد پٹیل ، امبیکا سونی ، اے کے انتونی اور دوسرے شرکت کررہے ہیں۔ توقع ہے کہ اس اجلاس میں آئندہ سال کیلئے مقررہ تنظیمی انتخابات کو موخر کرنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ سی ڈبلیو سی کے اجلاس کو اس لئے بھی نمایاں اہمیت حاصل ہوگئی ہے کہ پارلیمنٹ کا سرمائی سیشن 16 نومبر سے شروع ہورہا ہے جس میں کانگریس نے پٹھان کوٹ دہشت گرد حملے کا لائیو کوریج کرنے والے ایک ہندی نیوز چینل پر ایک روزہ امتناع کے تناظر میں آزادی اظہار خیال اور دیگر کئی اہم مسائل پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کافیصلہ کیا ہے ۔ سرجیکل حملوں پر تنازعہ ، سیمی کے آٹھ کارکنوں کی مبینہ انکاؤنٹر میں ہلاکت ، تین طلاق اور یکساں سیول کوڈ بھی ایسے اہم مسائل ہیں جنھیں کانگریس کی طرف سے پارلیمنٹ میں اُٹھایا جاسکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT