Saturday , August 19 2017
Home / جرائم و حادثات / س55 سڑک چھاپ فرہاد گرفتار

س55 سڑک چھاپ فرہاد گرفتار

25 کم لڑکے بھی شامل، شی ٹیم کی کارروائی، ڈی سی پی ستیہ نارائنا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ساؤتھ زون پولیس نے شی ٹیم کی مدد سے سڑک چھاپ فرہادوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اُنھیں حراست میں لے لیا۔ بس اسٹاپس، کالجس اور دیگر عوامی مقامات پر خواتین بالخصوص کالج جانے والی لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے نوجوانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے  55 افراد بشمول 25 کم عمر لڑکوں کو حراست میں لے لیا اور اُن کے والدین کی موجودگی میں کونسلنگ کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا کی قیادت میں سٹی پولیس کی شی ٹیم کی مدد سے سڑک چھاپ فرہادوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی گئی جس میں شاہ علی بنڈہ، چندرائن گٹہ، چھتری ناکہ، حسینی علم، بھوانی نگر، سنتوش نگر اور مادنا پیٹ پولیس اسٹیشن حدود میں نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ساؤتھ زون پولیس نے خصوصی مہم کے دوران بس اسٹانڈس کے قریب لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے نوجوانوں کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی اور اُنھیں حراست میں لے کر اُنھیں پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ حراست میں لئے گئے نوجوانوں کی تمام تفصیلات ریکارڈ کرتے ہوئے ساؤتھ زون پولیس نے ان کے والدین کو آج شام دفتر ڈی سی پی ساؤتھ زون طلب کیا اور پولیس کی موجودگی میں نوجوانوں کی کونسلنگ کی گئی۔ ڈی سی پی مسٹر ستیہ نارائنا نے کونسلنگ میں نوجوانوں کو بتایا کہ وہ خواتین کی عزت کریں اور چھیڑ چھاڑ کرنے پر سنگین نتائج کا انتباہ دیا۔ انھوں نے بتایا کہ چھیڑ چھاڑ کرنے والے نوجوانوں کی پہلے کونسلنگ کی جائے گی اور اس قسم کی حرکتوں میں دوبارہ ملوث ہونے پر اُن کے متعلقہ کالج سے ربط کیا جائے گا اور بعدازاں تعزیرات ہند کی دفعات اور نربھئے ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔ اس موقع پر شی ٹیم کی اسسٹنٹ کمشنر پولیس شریمتی کویتا بھی موجود تھیں۔

TOPPOPULARRECENT