Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / س65 سالہ عمانی شہری سے 16 سالہ لڑکی کی شادی

س65 سالہ عمانی شہری سے 16 سالہ لڑکی کی شادی

حیدرآباد۔17 اگست (سیاست نیوز) فلک نما پولیس نے 65 سالہ عمانی شہری کے خلاف 16 سالہ لڑکی سے شادی کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ لڑکی کی والدہ نے پولیس سے شکایت کی تھی کہ تین ماہ قبل اس کی بیٹی کی عمانی شہری سے زبردستی شادی کروائی گئی تھی۔ کل فلک نما پولیس میں اپنی شکایت درج کرواتے ہوئے اس خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کی نند اور اس کے نندئی نے 5 لاکھ روپئے کے عوض شادی کرائی۔ ایڈیشنل انسپکٹر ٹی مرلی کرشنا نے کہا کہ لڑکی کی والدہ نے پولیس سے کہا کہ اس کی بیٹی جو اس وقت مسقط میں ہے، چند دن قبل اسے فون کیا اور کہا کہ اس کا عمانی شوہر اسے ہراساں کرتے ہوئے اذیت دے رہا ہے۔ یہ شادی بارکس کی ایک ہوٹل میں اس وقت انجام دی گئی جب تین ماہ قبل عمانی شہری حیدرآباد آیا تھا۔ لڑکی کی والدہ نے اپنی بیٹی کی دکھ بھری کہانی سننے کے بعد عمانی شہری سے فون پر بات چیت کی اور اس سے کہا کہ وہ اس کی بیٹی کو واپس بھیج دیا لیکن عمانی شہری نے جواب میں کہا کہ اس نے سکندر (نند کے شوہر) کو 5 لاکھ روپئے ادا کئے ہیں، اگر وہ اس کی رقم ادا کرتی ہے تو اس کی بیٹی کو واپس حیدرآباد بھیج دے گا۔ پولیس نے سکندر اور اس کی بیوی اور عمانی شہری کے علاوہ سکندر کے دو دوستوں کے خلاف دھوکہ دہی، مجرمانہ فعل کے تحت کیس درج کیا ہے۔ سینئر پولیس عہدیدار نے مزید کہا کہ وہ مرکزی وزارت داخلہ کو مکتوب لکھتے ہوئے لڑکی کی ہندوستان واپسی کیلئے انتظامات کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ ہم ہندوستانی سفارت خانہ سے بھی درخواست کریں گے کہ وہ اس ملک میں عمانی شہری کے خلاف ضروری کارروائی کریں۔ لڑکی کا خاندان نہایت ہی غریب اور لیبر طبقہ سے تعلق رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں دیگر افراد نے اپنی آمدنی کا ذریعہ بناتے ہوئے قاضی کو بھی شامل کرلیا اور شادی انجام دی۔

TOPPOPULARRECENT