Monday , May 29 2017
Home / کھیل کی خبریں / شاداب خان کے علاوہ پاکستانی ٹسٹ ٹیم میں کئی نئے چہرے

شاداب خان کے علاوہ پاکستانی ٹسٹ ٹیم میں کئی نئے چہرے

کراچی۔6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے 16 رکنی ٹسٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں محمد عباس اور شاداب خان کو منتخب کر لیا گیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ ٹسٹ اسکواڈ میں اوپنر احمد شہزاد اور شان مسعود کی ٹسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے لیکن سمیع اسلم 16 کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔اسکواڈ میں ایک مرتبہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا کیا گیا ہے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے فاسٹ بولر محمد عباس، بیٹسمین عثمان صلاح الدین، محمد اصغر اور اسپنر شاداب خان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔عثمان صلاح الدین نے قائد اعظم ٹرافی کے سابق ایڈیشن میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دس میچوں میں 3 سنچریوں اور 5 نصف سنچریوں کی مدد سے 843 رنز بنائے تھے اور وہ زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر رہے ۔اسی طرح محمد عباس نے دس میچوں میں 71 وکٹیں حاصل کی تھیں اور قائد اعظم ٹرافی کے سب سے کامیاب بولر رہے ۔ٹسٹ سیریز کیلئے نوجوان محمد اصغر کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ حسن علی بھی پہلی مرتبہ ٹسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔دورہ آسٹریلیا کے17رکنی اسکواڈ میں شامل سات کھلاڑی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے جن میں راحت علی، سہیل خان، شرجیل خان، محمد رضوان، سمیع اسلم، محمد نواز اور عمران خان شامل ہیں۔ٹسٹ سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم  ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ مصباح الحق(کپتان)، احمد شہزاد، شان مسعود، اظہر علی، بابر اعظم، یونس خان، عثمان صلاح الدین، اسد شفیق، سرفراز احمد، یاسر شاہ، شاداب خان، محمد عامر، محمد اصغر، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی اور محمد عباس۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 21 اپریل کو جمیکا میں کھیلا جائے جس کے بعد دونوں ٹیمیں 30 اپریل سے بارباڈوس میں مدمقابل ہوں گی، سیریز کے آخری ٹسٹ میچ کی میزبانی 10مئی سے ڈومینیکا کا ونڈسر پارک کرے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT